بولی وڈ اداکارہ انوشکا شرما ایک کے بعد ایک کامیاب فلم کے ساتھ بولی وڈ میں تیزی سے آگے بڑھ رہی ہیں اور اب مقبول مادام تساؤ میوزیم میں اداکارہ کا مجسمہ رکھنے کا بھی فیصلہ کرلیا گیا ہے، لیکن اس مجسمے کی ایک اور خاص بات بھی ہے۔

رپورٹس کے مطابق سنگاپور میں موجود مادام تساؤ میوزیم میں انوشکا شرما کا بولتا ہوا مجسمہ رکھا جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اور وہ پہلی بھارتی اداکارہ ہوں گی جن کا بات چیت کرنے والا مجسمہ اس مشہور میوزیم میں سجایا جائے گا۔

اس میوزیم میں ابھی تک اوپرا ونفری، کرسٹیانو رونالڈو اور لیوس ہیملٹن جیسی شخصیات کے بولتے ہوئے مجسمے رکھے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: مادام تساؤ میوزیم میں کترینہ کا مومی مجسمہ

ذرائع کے مطابق مادام تساؤ میوزیم انوشکا شرما کے ساتھ کام کرنے پر بےحد پرجوش ہے۔

ان کا ماننا ہے کہ انوشکا کے بولتے ہوئے مجسمے سے بولی وڈ کے مداح بڑی تعداد میں یہاں آئیں گے۔

اس مجسمے کے ذریعے انوشکا شرما کے مداح ان سے بات چیت کرسکیں گے۔

یاد رہے کہ مادام تساؤ میوزیم میں بولی وڈ اسٹارز امیتابھ بچن، شاہ رخ خان، ایشوریا رائے، کرینہ کپور اور کترینہ کیف کے مجسمے بھی موجود ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں