بچے 23 جون کو سیر و تفریح کے دوران غار میں پھنس گئے تھے—فوٹو: اے ایف پی
بچے 23 جون کو سیر و تفریح کے دوران غار میں پھنس گئے تھے—فوٹو: اے ایف پی

گزشتہ ماہ 23 جون کو سیر کے دوران اچانک بارشوں کے بعد سیلاب آنے کی وجہ سے گہری غار میں پھنس جانے والے تھائی لینڈ کے 12 بچوں کے واقعے پر فلم بنائی جائے گی۔

خیال رہے کہ غار میں پھنس جانے والے تمام 12 بچے جونیئر فٹ بال ٹیم کے کھلاڑی تھے، وہ اپنے کوچ سمیت گزشتہ ماہ 23 جون کو سیر و تفریح کے دوران ‘شمالی تھائی لینڈ کے پہاڑی علاقے میں واقع غار ’تھام لوآنگ‘ میں پھنس گئے تھے۔

یہ بچے اور ان کا کوچ اس وقت غار میں پھنسے جب علاقے میں بارشوں کے بعد سیلاب آیا۔

یہ بھی پڑھیں: تھائی لینڈ کی غار میں پھنسے 12 بچوں کا سراغ لگا لیا گیا

بچوں اور کوچ کے غائب ہونے کے بعد غیر ملکی غوطہ خوروں کی مدد سے 9 دن بعد ان کا پتہ لگایا گیا تھا۔

برطانوی غوطہ خوروں کی نشاندہی کے بعد ان بچوں کو غار سے نکالنے کے لیے پر خطر اور بہت ہی بڑا ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔

پہلے ہی یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ انہیں غار سے نکالنے میں ہفتے لگ سکتے ہیں، تاہم انہیں 2 ہفتوں کی آپریشن کے بعد 10 جولائی تک باحفاظت نکال لیا گیا۔

غار میں پھنس جانے والے 8 بچوں کو 10 جولائی سے پہلے ہی نکال لیا گیا تھا، تاہم 10 جولائی تک تمام بچوں اور کوچ کو باحفاظت نکالا گیا۔

مزید پڑھیں: تھائی لینڈ: غار میں پھنسے تمام بچوں، کوچ کو نکال لیا گیا

اب اسی واقعے پر ہولی وڈ فلم بنائی جائے گی، جس میں اس پر خطر ریسکیو آپریشن، غار میں پھنس جانے والے بچوں اور ان کے والدین کےجذبات سمیت ان اداروں کی محنتوں کو بھی دکھایا جائے گا۔

خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی‘ کے مطابق بچوں کو غار سے نکالنے والی ریسکیو آپریشن کو دیکھنے والے مائیکل اسکاٹ نے اپنی پروڈکشن کمپنی ہاؤس پیور فلیکس کے بینر تلے اس واقعے پر فلم بنانے کا اعلان کیا۔

انہوں نے وال اسٹریٹ جنرل کو بتایا کہ فلم کی کہانی لکھنے اور اسے پروڈیوس کرنے سمیت اس واقعے کی تحقیقات کے لیے ممکنہ طور پر 2014 میں ریلیز کیے گئے ٹرائلاجی ڈرامہ فلم ‘گاڈ ناٹ ڈیڈ’ کے لکھاریوں، تحقیقکاروں اور پروڈیوسرز کی خدمات لی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: تھائی لینڈ کے غار میں پھنسے بچوں کو ورلڈ کپ فائنل دیکھنے کی دعوت

خیال رہے کہ ‘گاڈ ناٹ ڈیڈ’ کی اب تک 3 فلمیں سامنے آ چکی ہیں، ان فلموں میں مشکل میں پھنسے ایسے افراد کے سچے واقعات کو دکھایا گیا ہے، جنہیں مشکل حالات کے باوجود خدا کی مدد سے باحفاظت نکالا گیا۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ غار میں پھنس جانے والے تھائی لینڈ کے بچوں کی فلم کی ہدایات کون دے گا اور اس میں کن اداکاروں کو کاسٹ کیا جائے گا۔

ابھی یہ بھی کہنا قبل از وقت ہے کہ فلم کب تک ریلیز ہوگی، تاہم امکان ہے کہ آئندہ برس اس پر کام شروع ہوگا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں