پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ 2 روز سے ہمارے کارکنوں کی گرفتاریاں جاری ہیں لیکن میں انتظامیہ اور پولیس کو واضح طور پر بتانا چاہتا ہوں کہ اس ظلم کو روک دیں کیونکہ وقت ہمیشہ ایک جیسا نہیں رہتا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف پر کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں، ہمارا مشن ملک کی تعمیر و ترقی ہے، ہم نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف جانتے ہیں کہ وطن واپسی پر انہیں جیل کی سلاخوں کے پیچھے لایا جائے گا لیکن اس کے باوجود وہ وطن واپس آرہے ہیں اور وطن واپسی پر ہم ان کا پرامن طریقے سے پرتپاک استقبال کریں گے۔

مزید پڑھیں: نواز شریف، مریم نواز کی گرفتاری کیلئے متبادل طریقوں پر غور

شہباز شریف نے کہا کہ نگراں حکومت کی جانب سے کی جانے والی کارروائیاں قبل ازانتخاب دھاندلی اور مسلم لیگ (ن) کو دیوار سے لگانے کی سازش ہے، نواز شریف کی واپسی سے دو روز قبل ہی کارکنوں کی گرفتاریاں شروع کردی گئیں جبکہ ان کے گھروں پر چھاپے مارنے کا سلسلہ جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب تک ہمارے سیکڑوں کارکنوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ دیگر کو حراست میں لینے کی کوششیں جاری ہیں، یہ سارا عمل انتخابات کو داغدار کرنے کے لیے کیا جارہا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر کا کہنا تھا کہ پنجاب میں دفعہ 144 نافذ ہے لیکن اس کے باوجود پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان جلسہ کرنے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں انتظامیہ اور پولیس کو واضح طور پر بتانا چاہتا ہوں کہ اس ظلم کو روک دیں کیونکہ وقت ہمیشہ ایک جیسا نہیں رہتا، 26 جولائی کو جب ہماری حکومت آئے گی تو ہم آپ کے ساتھ زیادتی تو نہیں کریں گے لیکن آپ کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کارکنان اور ہم سابق وزیر اعظم نواز شریف کا استقبال کرنے جائیں گے، اگر مجھے گرفتار کیا گیا تو حمزہ شہباز قافلے کی قیادت کریں گے جبکہ حمزہ شہباز کی گرفتاری کی صورت میں سلمان شہباز قیادت کریں گے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ نیب کی جانب سے کہا گیا کہ انتخابات تک کسی کو گرفتار نہیں کیا جائے گا جبکہ سپریم کورٹ نے بھی آج حکم دیا کہ 30 جولائی تک کسی کو گرفتار نہیں کیا جائے لیکن اس کے باوجود پنجاب میں ہمارے سیکڑوں کارکنان گرفتار کیے جاچکے ہیں جبکہ ہمارا راستہ روکنے کے لیے رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’نواز شریف، مریم نواز کو ایئرپورٹ پر گرفتار کیا جائے گا‘

ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کے خادم اور معمار ہیں، ہماری ملک کی خدمات عوام کے سامنے ہیں، یہ جتنی دھاندلی کرلیں 25 جولائی کو ہم ہی جیتیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارے پڑوسی ملک میں آج تک مارشل لا کا سایہ نہیں آیا لیکن ہم نے 33 سال تک ملک میں مارشل لا دیکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ مجھے کہتے ہیں کہ یہ اسٹیبلشمنٹ کا آدمی ہے لیکن میں بتانا چاہتا ہوں کہ میں پاکستانی ہوں اور آخری وقت تک پاکستان کا ہی رہوں گا۔

تبصرے (2) بند ہیں

SHARMINDA Jul 12, 2018 04:40pm
By threatening police and administration, he is calling for trouble.
KHAN Jul 12, 2018 05:02pm
انتظامیہ اور پولیس کو واضح طور پر بتانا چاہتا ہوں کہ اس ظلم کو روک دیں کیونکہ وقت ہمیشہ ایک جیسا نہیں رہتا۔ مطلب!