اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ایسی پی) نے عام انتخابات کے لیے 25 جولائی کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کردیا۔

الیکشن کمیشن نے یہ اعلان آئین کے آرٹیکل 218 اور الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 4 اور 8 ’سی‘ کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے کیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ 25 جولائی کو عام تعطیل کا مقصد عوام کو ووٹ کاسٹ کرنے میں سہولت فراہم کرنا ہے۔

واضح رہے کہ دارالحکومت اسلام آباد اور ملک کے چاروں صوبوں میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے لیے 25 جولائی کو انتخابات شیڈول ہیں۔

انتخابات کا دن قریب آتے ہی مختلف جماعتوں کی مہم میں بھی تیزی آگئی ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ انتخابی سرگرمیوں میں اضافہ ہورہا ہے۔

الیکشن کمیشن نے پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے ان افسران کو 23 جولائی سے 27 تک کے لیے فرسٹ کلاس مجسٹریٹ کے اختیارات تفویض کر دیئے ہیں، جو پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہرسیکیورٹی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تعینات کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات کے طریقہ کار کا اعلان کردیا گیا

پولنگ اسٹیشن کے اندر یا باہر تعینات سیکیورٹی اہلکار کسی بھی بے ضابطگی یا بے قاعدگی کی صورت میں سب سے پہلے پریذائیڈنگ افسر کو مطلع کرنے کے پابند ہوں گے، اور اس کے دیئے گئے احکامات کے مطابق عمل کریں گے۔

تاہم اگر پریذائیڈنگ افسر خلاف ضابطہ کوئی کارروائی نہیں کرتا تو سیکیورٹی اہلکار اس بارے میں پاک فوج یا دیگر سیکیورٹی ادارے کے افسرکو مطلع کریں گے، جو اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے اس بے ضابطگی کے خلاف کارروائی کا حق رکھتا ہے، لیکن اس کے لیے بھی ضروری ہے کہ وہ ریٹرننگ افسر کو معاملے سے آگاہ کرے۔

تبصرے (0) بند ہیں