رواں برس 24 فروری کو دبئی کے ایک ہوٹل میں باتھ ٹب میں نہانے کے دوران اچانک ہلاک ہونے والی بولی وڈ اداکارہ سری دیوی کی 21 سالہ بیٹی جھانوی کپور جلد ہی اپنی پہلی فلم ‘دھڑک’ میں اپنی اداکاری کے جلوے دکھاتی نظر آئیں گی۔

جھانوی کپور کی اس فلم کا ٹریلر بھی جاری کردیا گیا ہے، جسے شائقین نے بہت پسند کیا ہے۔

جھانوی کپور نے اپنی پہلی فلم کا ٹریلر سامنے آنے کے بعد کہا تھا کہ وہ والدہ یا خاندان کا سہارا لے کر اپنی پہنچان بنانے کے بجائے اپنی محنت اور کام سے اپنی شناخت بنائیں گی۔

تاہم اب انہوں نے اپنی والدہ کے بجائے بولی وڈ کی ماضی کی خوبصورت اور بہترین اداکاراؤں کی طرح اداکاری میں جلوے دکھانے کے خواہش کا اظہار کیا ہے۔

جھانوی کپور نے اپنی خواہش بتاتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ وہ اسکرین پر مدھوبالا، وحیدہ رحمٰن اور مینا کماری کی طرح جلوے اور جادو بکھیریں۔

انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق جھانوی کپورنے بھارتی خبررساں ادارے ‘آئی اے این ایس’ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ اسکرین پر مدھوبالا، مینا کماری اوروحیدہ رحمٰن کی طرح اداکاری کرکے خود کو منوانا چاہتی ہیں۔

—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

جھانوی کپور نے یہ بھی بتایا کہ وہ اکثر و بیشتر بہترین اداکاری سیکھنے کے لیے ان لیجنڈ اداکاراؤں کی فلمیں دیکھتی رہتی ہیں۔

ساتھ ہی جھانوی کپور نے بتایا کہ ان اداکاراؤں کی فلمیں دیکھنے سے انہیں نہ صرف حوصلہ ملتا ہے، بلکہ ان میں ان کی طرح اداکاری کے ذریعے شائقین پر جادو کرنے کا جنون بھی سوار ہوجاتا ہے۔

جھانوی کپور نے اپنے انٹرویو میں یہ نہیں بتایا کہ وہ اسکرین پر اپنی والدہ کی طرح اداکاری کرکے لوگوں کے دل جیتنا چاہتی ہیں یا نہیں، بلکہ انہوں نے والدہ کے علاوہ دیگر اداکاراؤں کی طرح اداکاری کرنے کی خواہش ظاہر کی۔

جھانوی کپور نے یہ خواہش ایک ایسے وقت میں ظاہر کی ہے جب مدھوبالا کی بڑی بہن نے حال ہی میں ان کی زندگی پر فلم بنانے کا اعلان کیا۔

—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مدھر بھوشن نے ایک ہفتہ قبل ہی مدھوبالا کی زندگی پر فلم بنانے کا اعلان کرتے ہوئے تمام بولی وڈ پروڈکشن ہاؤسز، پروڈیوسرز اور اداکاروں کو خبردار کیا کہ ان کی بہن کی زندگی پر ان کے علاوہ کوئی فلم نہیں بناسکتا۔

تاہم مدھر بشن نے یہ بھی کہا کہ اگر کوئی بھی مدھوبالا کی زندگی پر فلم بنانے کا خواہش مند ہے تو ان سے رابطہ کریں۔

یہ بھی پڑھیں: سری دیوی کی بیٹی والدہ کے اثر کے بغیر اپنی شخصیت بنانے کی خواہاں

مدھوبالا کی بہن نے فلم کے حوالے سے مزید تفیصلات بتائے بغیر بتایا کہ جلد ہی وہ فلم کی ٹیم کا بھی اعلان کریں گی۔

حال میں اداکار سنجے دت کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم ‘سنجو’ کی کامیابی کے بعد اب بولی وڈ میں متعدد اداکاروں اور اداکاراؤں کی زندگی پر فلمیں بنائے جانے کی باتیں کی جا رہی ہیں۔

‘سنجو’ کی کامیابی کے بعد ہی مدھوبالا کی بہن نے فلم بنانے کا اعلان کیا اور ان کی بہن کے اعلان کے بعد ہی جھانوی کپور نے مدھوبالا کی طرح اداکاری کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ مدھوبالا کی زندگی پر کب فلم بنتی ہے اور اس میں اسکرین پر کون ان کی طرح جلوے بکھیرتی نظر آئیں گی۔

تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ جھانوی کپور کے بیان کے بعد فلم ڈائریکٹرز اور پروڈیوسرز کی نظریں ان پر ہی جائیں گی۔

—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں