بلوچستان کے ضلع مستونگ میں گزشتہ روزبلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے انتخابی قافلے میں ہونے والے بم دھماکے میں 128 افراد کے جاں بحق ہونے پر جہاں ملک بھر میں سوگ کی فضاء برقرار ہے۔

وہیں اس پر سیاستدان، فنکار اور عام افراد بھی غم میں ڈوبے ہوئے ہیں۔

سانحہ مستونگ پر جہاں سیاستدانوں اور شوبز انڈسٹری سمیت دیگر شخصیات نے دکھ کا اظہار کیا، وہیں کئی شخصیات نے دہشت گردی کے واقعے پر سوشل میڈیا پر غم و غصے کے بیانات بھی دیے۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی بڑی بہن اور آصف علی زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو جو ٹوئٹر پر متحرک رہتی ہیں، انہوں نے بھی سانحہ مستونگ پر اپنے غم و غصے کا اظہار کیا۔

بختاور بھٹو نے اپنی ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ ‘مستونگ میں 111 افراد جاں بحق ہوگئے، مگر کوئی قومی افسوس نظر نہیں آ رہا، دیگر ممالک میں اپنے شہریوں کے اس طرح کے جانی ضیاع پر اس طرح کا رویہ نظر نہیں آتا‘۔

ساتھہ ہی انہوں نے لکھا کہ یہ بلکل شرمناک ہے کہ بنوں اور پشاور بھی دہشت گردی کے واقعات ہوئے، انہوں نے اسی ٹوئیٹ میں سوال کیے کہ سیکیورٹی کی ذمہ داری کس کی ہے، کون یہ ذمہ داریاں لے گا اور ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کہاں کھڑے ہیں؟۔

بختاور بھٹو زرداری نے ایک اور ٹوئیٹ میں کہا کہ ‘کسی کو کسی ذمہ داری کا احساس ہی نہیں ہے، گزشتہ 48 گھنٹوں میں سانحہ مستونگ میں جاں بحق افراد کی تعداد 130 ہوچکی ہے، مگر ہماری قومی میڈیا کی جانب سے اس واقعے کو مکمل طور پر نظر انداز کردیا گیا۔

اداکار اور پی ٹی آئی کارکن حمزہ علی عباسی نے بھی سانحہ مستونگ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے آنے والے انتخابات میں زیادہ سے زیادہ ٹرن آؤٹ دے کر پاکستان کو آگے لے جانا ہوگا۔

سابق کرکٹر شاہد آفریدی نےبھی سانحہ مستونگ پر ٹوئیٹ کی جس میں انہوں نے لکھا کہ بلوچستان میں ایک اور نہایت بزدلانہ حملہ کیا گیا، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، ساتھ ہی انہوں نے جاں بحق افراد اور ان کے لواحقین کے لیے دعا بھی کی۔

گلوکار و اداکار فخر عالم نے بھی دہشت گردانہ واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ بلوچستان میں خون کی ہولی کا سن کر افسوس ہوا۔

انہوں نے پاکستانی میڈیا پر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ دہشت گردوں نے 100 سے زیادہ پاکستانیوں کو شہید کردیا، لیکن ہمیں نواز شریف اور مریم نواز کے جہاز کے لینڈنگ کی زیادہ فکر کرنی چاہیے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے بھی سانحہ مستونگ پر ٹوئیٹ کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا، ساتھ ہی انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے بھی دعا کی۔

خیال رہے کہ 13 جولائی کو مستونگ میں ہونے والے بم دھماکے میں کم سے کم 128 افراد جاں بحق اور 200 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔

جاں بحق افراد کی تدفین کا سلسلہ 14 جولائی تک جاری رہا، جب کہ صوبے بھر میں سوگ منایا گیا۔

علاوہ ازیں دہشت گردی کے واقعے کی صدر مملکت،نگراں وزیر اعظم، آرمی چیف، چیف جسٹس اور تمام سیاسی رہنماؤں نے بھی مذمت کی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں