‘جواں ہے محبت’ کے بعد ایشوریا رائے کا ‘ہلکا ہلکا سرور’

15 جولائ 2018
فلم میں ایشوریا کو اغوا کرنے والے راج کمار راؤ سے محبت ہوجاتی ہے—اسکرین شاٹ
فلم میں ایشوریا کو اغوا کرنے والے راج کمار راؤ سے محبت ہوجاتی ہے—اسکرین شاٹ

سابق حسینہ عالم اور بولی وڈ کی 44 سالہ اداکارہ ایشوریا رائے کی آنے والی رومانٹک کامیڈی فلم ‘فنے خان’ کو یوں تو آئندہ ماہ اگست میں ریلیز کیا جائے گا۔

تاہم فلم کے ٹریلر اور گانوں نے ابھی سے ہی دھوم مچادی ہے۔

فلم کے جاری کیے گانوں کی خاص بات یہ ہے کہ ان میں 44 سالہ اداکارہ کو پہلی بار کافی وقت کے بعد جدید طرز کی موسیقی پر ہولی وڈ اسٹائل میں ڈانس کرتے ہوا دیکھا جاسکتا ہے۔

‘فنے خان’ کے ‘جواں ہے محبت’ گانے کو ریلیز کیے جانے کے 3 دن بعد اب فلم کا دوسرا گانا ‘ہلکا ہلکا سرور’ ہے ریلیز کردیا گیا۔

پاکستان کے مایہ ناز گلوکار و موسیقار استاد نصرت فتح علی خان کے مشہور گانے سے متاثر ہوکر نئے انداز میں بنائے گئے ‘ہلکا ہلکا سرور’ میں ایشوریا رائے اور راج کمار راؤ کو ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوتے اور رقص کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

اس گانے کو امت تریویدی نے کمپوز کیا ہے، جب کہ اس میں سنیدھی چوہان اور دیویا کمار نے مشترکہ طور پر آواز کا جادو جگاکر نصرت فتح علی خان کے انداز کو کاپی کرنے کی ناکام کوشش کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 44 سالہ ایشوریا رائے اور ‘جواں ہے محبت’

اگرچہ ‘فنے خان’ کے اس گانے کو اب تک ایک کروڑ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے اور اسے بھارت بھر میں سراہا جا رہا ہے، تاہم حقیقت میں یہ گانا استاد نصرت فتح علی خان کے اصل گانے کی انتہائی خراب نقل ہے۔

اس سے قبل جاری کیا گیا ‘فنے خان’ کا گانا ‘جواں ہے محبت’ بھی ایک پرانے بھارتی گانے کا ریمکس تھا۔

‘جواں ہے محبت’ کو پہلی بار 1946 میں ریلیز ہونے والی بھارتی فلم ‘انمول گھڑی’ میں پیش کیا گیا تھا، تاہم وہ گانا ‘ہلکا ہلکا سرور ہے’ سے قدرے بہتر بنایا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: بولی وڈ کا نیا خان ’فنے خان‘

ان دونوں گانوں کے علاوہ بھی فلم میں ایشوریا رائے کی ڈانس اور جلووں پر فلمائے گئے مزید گانے بھی شامل ہیں۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

ایشوریا رائے نے فلم میں شامل گانوں کے لیے ڈانس کے کرتب عالمی کوریوگرافر فرانک گیسٹر جونیئر سے سیکھے ہیں، جنہوں نے معروف امریکی گلوکارہ بیونسے، ریحانہ اور جونیفیر لوپیز جیسی گلوکاراؤں کو بھی ڈانس سکھائی۔

—اسکرین شاٹ

فلم میں انہوں نے ایک پاپ گلوکارہ کا کردار ادا کیا ہے، جنہیں فلم میں ایک ناکام گلوکار والد کا کردار ادا کرنے والے انیل کپور اپنے دوست راج کمار راؤ کے ساتھ مل کر اس لیے اغوا کرتے ہیں کہ وہ انیل کپور کی بیٹی کو گلوکاری سکھا سکیں، ساتھ ہی وہ فلم میں مختلف گانوں پر ہولی وڈ اسٹائل کی ڈانس کرتی دکھائی دیں گی۔

فلم کی کہانی گلوکاروں کے علاوہ ایک والد کی جانب سے اپنی بیٹی کو معروف گلوکارہ بننے کے گرد گھومتی ہے۔

مزید پڑھیں: بیٹی کو گلوکارہ بنانے کا خواب دیکھنے والا فنے خان

پروڈیوسر راکیش اوم پرکاش مہرا اور انیل کپور کی اس فلم کی ہدایات اتل منجریکر نے دی ہیں۔

یہ فلم بیلجیم کی 18 سال قبل یعنی 2000 میں ریلیز ہونے والی رومانٹک کامیڈی فلم ’ایوری باڈیز فیمس‘ کا آفیشل ریمیک ہے۔ ’فنے خان‘ کو رواں برس 3 اگست کو ریلیز کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں