صوبہ سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی مخالفت اور اسے عام انتخابات میں شکست دینے کے لیے بنائے گئے سیاسی اتحاد گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے مخالف پارٹی کے گڑھ سے ہی طاقتور انتخابی مہم کا آغاز کردیا۔

جی ڈی اے نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے آبائی ضلع بے نظیر آباد (سابقہ نوابشاہ) سے سیاسی جلسوں کا آغاز کیا۔

جی ڈی اے پیپلز پارٹی کو ٹف ٹائم دینے کے لیے بے نظیر آباد سمیت سندھ کے متعدد اضلاع میں بڑے جلسے کرنے جا رہا ہے، جس میں اتحاد کے اعلیٰ رہنما خطاب کریں گے۔

جی ڈی اے نے 15 جولائی سے سیاسی جلسوں کا آغاز نوابشاہ شہر سے کیا، جس میں لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

جی ڈی اے کے سیاسی جلسوں کی شروعات کے موقع پر پیپلز پارٹی یوتھ کے صدر جاوید نایاب لغاری نے ٹوئیٹ کی کہ انہوں نے انتخابی مہم کے سلسلے میں سندھ کے کئی اضلاع کا دورہ کیا ہے، جس دوران انہیں احساس ہوا کہ پی پی ہی انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی۔

انہوں نے مزید لکھا کہ سندھ کے لوگوں کو جی ڈی اے کے بااثر رہنماؤں کی جانب سے دھمکیاں ملنے کے باوجود پیپلز پارٹی جیتے گی۔

ساتھ ہی انہوں نے جی ڈی اے کو اسٹار گروپ اتحاد قرار دیتے ہوئے لکھا کہ یہ ‘تھری یا فور اسٹار’ گروپ ہے۔

خیال رہے کہ پیر پگاڑا کی سربراہی میں بننے والے سیاسی اتحاد جی ڈی اے میں سابق وزیر اعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم، سید غوث علی شاہ، لیاقت علی جتوئی اور سابق وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا اور ان کی اہلیہ فہمیدہ مرزا سمیت سندھ کی قومپرست پارٹیوں کے رہنما بھی شامل ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں