بولی وڈ میں اگرچہ ایکشن اور رومانٹک ہیروز کی کمی نہیں، تاہم آج تک کوئی بھی اداکار خانز یعنی سلمان، شاہ رخ اور عامر خان کے مقابلہ نہیں کر سکا۔

اداکاری تو اپنی جگہ لیکن دوسرے ہیروز بولی وڈ خانز کا مقابلہ فلموں کی کمائی میں بھی نہیں کرسکے، لیکن اب پہلی بار کسی اور ہیرو کی فلم 300 کروڑ کلب میں شامل ہوئی ہے۔

بولی وڈ چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور کی گزشتہ ماہ 29 جون کو ریلیز ہونے والی فلم ‘سنجو’ کسی بھی بولی وڈ ہیرو کی وہ پہلی فلم بن گئی ہے جو ریلیز کے تیسرے ہی ہفتے 300 کروڑ کمانے میں کامیاب ہوئی ہے۔

اس سے قبل یہ اعزاز صرف بولی وڈ خانز یعنی عامر اور سلمان خان کو ہی حاصل تھا، جن کی فلمیں ابتدائی 4 ہفتوں تک ہفتہ وار 100 کروڑ کے قریب کماکر 300 کروڑ کلب میں شامل ہوئیں۔

رنبیر کپور کی فلم سے قبل 2016 میں ریلیز ہونے والی بھارتی فلم ‘باہو بلی 2‘ بھی وہ پہلی ہندوستانی فلم تھی جو 300 کروڑ کمانے میں کامیاب گئی تھی، جب کہ رواں برس ریلیز ہونے والی ‘پدماوت’ بھی کسی بھی بولی وڈ اداکارہ کی وہ پہلی فلم تھی جو 300 کروڑ کمانے میں کامیاب گئی تھی۔

پہلی اداکارہ اور بھارتی فلم کے بعد اب پہلی بار خانز کے بجائے کسی دوسرے بولی وڈ ہیرو کی فلم ابتدائی 3 ہفتوں میں 300 کروڑ کمانے میں کامیاب ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’سنجو‘ کی جادو کی جھپی نے ریکارڈ الٹ پلٹ کردیے

دپیکا پڈوکون اور خانز کی فلموں کے بعد اب رنبیر کپور کی فلم سنجو بھی اس کلب میں شامل ہوگئی اور یوں چاکلیٹی ہیرو کی کوئی بھی فلم پہلی بار 300 کروڑ کمانے میں کامیاب گئی۔

بولی وڈ تجزیہ نگار ترن آدرش کے مطابق 300 کروڑ روپے کمانے کے ساتھ ہی رنبیر کپور کی فلم ‘سنجو’ سب سے زیادہ پیسے کمانے والی اب تک کی چھٹی بڑی فلم بن گئی۔

‘سنجو’ نے 15 جولائی سے قبل ہی 300 کروڑ روپے کمائے تھے، یوں اس فلم نے ہفتہ وار اوسط 90 کروڑ روپے سے زائد کی رقم کمائی۔ 16 جولائی تک فلم کی کمائی 3 کروڑ 16 لاکھ سے زائد بن چکی تھی۔

مزید پڑھیں: 'سنجو' 5 دنوں میں ریس 3 سے زیادہ کمانے میں کامیاب

‘سنجو’ نے سب سے زیادہ کمائی 200 کروڑ روپے پہلے ہی ہفتے کی تھی، فلم نے آخری ہفتے میں سب سے کم کمائی یعنی صرف 22 کروڑ روپے ہی کمائے۔

فلم نے اگرچہ بھارت بھر سے 316 کروڑ روپے کمائے ہیں، تاہم اس نے دنیا بھر سے 500 کروڑ سے زائد کی کمائی کی ہے، یوں یہ رنبیر کپور کی اتنی زیادہ کمائی کرنے والی بھی پہلی فلم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ‘سنجو’ کی کامیابی سے سنجے کو کیا ملا؟

سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بولی وڈ فلم ‘دنگل’ ہے، جب کہ دوسرے نمبر پر باہو بلی 2، تیسرے نمبر پر سیکریٹ سپر اسٹار، چوتھے نمبر پر سلطان اور پانچویں نمبر پر پی کے‘ ہے۔

‘سنجو’ سب سے زیادہ پیسے کمانے والی چھٹی سب سے بڑی فلم بن گئی، تاہم وہ رواں برس سب سے زیادہ کمانے والی دوسری بڑی فلم ہے۔

اس سے قبل رواں برس سب سے زیادہ پیسے بٹورنے والی فلم کا اعزاز دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی فلم ‘پدماوت’ کو حاصل ہوا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں