پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروباری ہفتے کا آغاز شدید مندی کے ساتھ ہوا جہاں کے ایس ای-100 انڈیکس 605 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 39 ہزار 666 پر بند ہوا۔

پی ایس ایکس میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز کا آغاز تیزی کے ساتھ ہوا تھا لیکن یہ سلسلہ برقرار نہیں رہ سکا اور جلد ہی تنزلی کا شکار ہوا۔

اسٹاک مارکیٹ کاروبار کے دوران 39 ہزار 396 پوائنٹس کی کم تر سطح پر بھی پہنچ گئی اور مندی کے ساتھ ہی دن کا اختتام ہوا۔

پی ایس ایکس میں مجموعی طور پر 6 ارب 10 کروڑ مالیت کے 14 کروڑ 75 لاکھ حصص کی لین دین ہوئی۔

مارکیٹ میں 330 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جن میں سے 84 کے کاروبار میں بہتری جبکہ 216 کمپنیوں کے کاروبار میں تنزلی اور 30 کمپنیوں کے حصص کی لین دین میں استحکام رہا۔

کاروبار میں کمرشل بینکنگ کا شعبہ چھایا رہا جس کے 5 کروڑ حصص کی لین دین ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں:روپے کی قدر میں ریکارڈ کمی، ڈالر 131 روپے کا ہوگیا

ایلیکزرسیکیورٹی کے مطابق روپے کی قدر میں کمی کے باعث مارکیٹ میں مندی کا رجحان غالب آیا اور اس کے نتیجے میں اسٹیل، آٹوز اور سیمنٹ کا شعبہ دباؤ کا شکار رہا۔

کمپنیوں کے انفرادی کاروبار میں بینک آف پنجاب 2 کروڑ 52 لاکھ حصص کے کاروبار کے ساتھ سرفہرست رہا۔

فوجی سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ ایک کروڑ 5 لاکھ حصص اور بینک اسلامی پاکستان لمیٹڈ 91 لاکھ حصص کے لین دین کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔

اینگرو پولیمر اینڈ کیمکلز لمیٹڈ 59 لاکھ حصص اور کے الیکٹرک لمیٹڈ 57 لاکھ حصص کے ساتھ چوتھے اور پانچویں نمبر نمایاں کمپنیاں رہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں