پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ، صحافی و اینکر ریحام خان کی حال ہی میں آن لائن فروخت کے لیے پیش کی گئی کتاب پر لوگوں کے تبصرے جاری ہیں۔

جہاں ریحام خان کی کتاب پر پاکستان میں بھی تبصرے ہو رہے ہیں، وہیں بھارت میں بھی ان کی کتاب کے اقتباسات پر تجزیے جاری ہیں۔

ایک معروف بھارتی نشریاتی ادارے کے مطابق ریحام خان نے اپنی کتاب میں جہاں اپنے سابق شوہر عمران خان کا خصوصی ذکر کیا ہے، وہیں انہوں نے دیگر مردوں سے متعلق بھی باتیں لکھی ہیں۔

انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق ریحام خان کی 445 صفحات پر مبنی سوانح حیات میں بولی وڈ رومانس بادشاہ شاہ رخ خان کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ریحام خان نہ اپنی کتاب میں شاہ رخ خان کی تعریف کرتے ہوئے انہیں منکسر مزاج انسان قرار دیا۔

ریحام خان نے شاہ رخ خان کے ساتھ 2008 میں لندن میں گزارے گئے لمحات اور ان کے ساتھ ایک اشتہار میں کام کرنے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ بولی وڈ اداکار ایک متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے تعلیم یافتہ شخص ہیں۔

ریحام خان نے لکھا کہ انہوں نے شاہ رخ خان کے ساتھ ایک برطانوی ہیلتھ فرم ‘ڈونٹ ڈلے، کلیم ٹوڈے’ کے ایک اشتہار میں کام کیا۔

—فوٹو: انڈیا ٹوڈے
—فوٹو: انڈیا ٹوڈے

ریحام خان کے مطابق اس اشتہار کا مقصد برطانیہ میں موجود بھارتی و پاکستانی افراد کو روڈ حادثات کے بعد پیش آنے والے قانونی مسائل میں مدد فراہم کرنے سے متعلق معلومات فراہم کرنا تھا، کیوں کہ مذکورہ ادارہ روڈ حادثات کے شکار افراد کو قانونی مدد فراہم کرنے کے حوالے سے کام کرتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ریحام خان کی کتاب آن لائن فروخت کے لیے پیش

ریحام خان نے لکھا ہے کہ کیوں کہ وہ اس وقت ایک معروف نیوز چینل سے وابستہ تھیں اور وہ اشتہار بنانے والے ادارے کے لیے پہلی پسند تھیں، اس لیے انہیں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔

ریحام خان کے مطابق اشتہار کی شوٹنگ کے دوران ہونے والی ملاقات میں وہ سادہ شخصیت اور کسی بھی قسم کا غرور نہ ہونے کی وجہ سے شاہ رخ خان کی شخصیت سے متاثر ہوئیں ۔

ریحام خان نے شاہ رخ خان کو دوستانہ مزاج کا مالک دیتے ہوئے لکھا کہ وہ تعلیم یافتہ اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے اس شخص کے پروفیشنل ازم سے متاثر ہوئیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریحام خان نے اپنی سوانح حیات میں کئی دیگر افراد کا ذکر بھی کیا ہے۔

بھارتی نشریاتی ادارے کے مطابق سادہ الفاظ میں ریحام خان نے کتاب میں لکھا ہے کہ پہلے وہ بکریوں کی حفاظت کرنے کو مشکل ترین کام سمجھتی تھیں لیکن اب ان کے خیال میں بعض مردوں کے ساتھ تعلق اس سے بھی زیادہ مشکل کام ہے۔

مزید پڑھیں: ریحام خان کی متنازع کتاب میں کیے جانے والے 12 'انکشافات'

خیال رہے کہ ریحام خان کی کتاب کو آن لائن اسٹور ایمازون پر فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔

اس کتاب میں ریحام خان نے متعدد انکشافات کیے ہیں، جب کہ انہوں نے اس میں عمران خان کے ساتھ گزاری گئی زندگی سمیت پاکستان کی سیاست اور اپنی ماضی کی زندگی پر بھی بات کی ہے۔

ریحام خان نے شاہ رخ خان کے ساتھ جس برطانوی ہیلتھ انشورنس ادارے کے اشتہار میں کام کیا، اسی ادارے کے ایک اور اشتہار میں انہوں نے سابق پاکستانی کرکٹر شاہد آفریدی کے ساتھ بھی کام کیا۔

اسی ادارے نے شاہ رخ، شاہد آفریدی اور ریحام خان کے علاوہ بھی دیگر بھارتی و پاکستانی شخصیات کو اپنے اشتہارات میں دکھایا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں