اداکاری سے دور عرفان خان گلوکار بن گئے

17 جولائ 2018
بولی وڈ اداکار عرفان خان —فوٹو/ فائل
بولی وڈ اداکار عرفان خان —فوٹو/ فائل

نیشنل ایوارڈ یافتہ بولی وڈ اداکار عرفان خان اپنی علالت کے باعث فلموں سے تو دور ہیں تاہم وہ سوشل میڈیا پر مداحوں کو متاثر کن پیغامات بھیجنے اور اپنی زندہ دل تصاویر شیئر کرتے نظر آتے رہتے ہیں۔

وہ اس وقت لندن میں اپنا اعلاج کروا رہے ہیں، تاہم اس کے مکمل ہونے پر وہ بولی وڈ میں ویشال بھردواج کی فلم پر کام کا آغاز کریں گے جس میں ان کے ہمراہ دپیکا پڈوکون کام کرتی نظر آئیں گی۔

مزید پڑھیں: عرفان خان کی بیماری کے باعث دپیکا کا گینگسٹر بننا مؤخر

یاد رہے کہ عرفان خان نے رواں برس 5 مارچ کو ٹوئیٹ کے ذریعے اپنے مداحوں کو آگاہ کیا تھا کہ انہیں خطرناک مرض لاحق ہوگیا ہے۔

وہ ’نیورو اینڈوکرائن ٹیومر‘ نامی مرض میں مبتلا ہیں، جس کی وجہ سے ان کی فلم کی شوٹنگ روک دی گئی تھی، تاہم ویشال بھردواج نے اپنی کاسٹ کو تبدیل کرنے کے بجائے عرفان خان کے صحت یاب ہونے کا انتظار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ویشال بھردواج کا کہنا تھا کہ ’عرفان مجھ سے رابطے میں ہیں، بہت خوشی ہے کہ ان کی طبیعت بہتر ہورہی ہے اور امید ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہوجائیں گے، وہ جلد واپس آئیں اور فلموں میں کام کا آغاز کریں‘۔

یہ بھی پڑھیں: عرفان خان کو خطرناک مرض لاحق ہوگیا

ہدایت کار نے مزید بتایا کہ ’آج کل وہ مجھے اپنی آواز میں کی گئی گلوکاری کے آڈیو پیغامات بھیج رہے ہیں‘۔

تو کیا عرفان خان اداکاری کے ساتھ گلوکاری کا بھی آغاز کردیں گے؟ یہ تو وقت ہی بتائے گا۔

حال ہی میں عرفان خان نے اپنے ٹوئٹر پر نئی تصویر لگائی، جس کے بعد مداحوں نے محسوس کیا کہ وہ کافی خوش لیکن کمزور نظر آرہے ہیں۔

مزید پڑھیں: ’خدا ہم سب سے بات کرتا ہے‘عرفان خان کی دوران علاج جذباتی پوسٹ

یاد رہے کہ ویشال بھردواج اور عرفان خان ایک ساتھ تلوار، مقبول، سات خون معاف اور حیدر جیسی کامیاب فلموں میں پر کام کرچکے ہیں، جبکہ دپیکا پڈوکون کے ساتھ بھی عرفان خان نے کامیاب فلم پیکو میں کام کیا۔

تاہم دپیکا پڈوکون اور ویشال پہلی مرتبہ ایک ساتھ کام کرنے جارہے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں