انڈونیشیا میں اگلے ماہ اگست میں ہونے والے ایشین گیمز سے قبل جرائم پیشہ افراد کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا گیا ہے جس کے دوران 11 مشتبہ مجرمان ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتا میں پولیس نے بڑے پیمانے پر کارروائی کی اور اس دوران 52 مشتبہ مجرموں کو نشانہ بنایا گیا جن میں سے 11 زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گئے۔

جکارتا پولیس کے ترجمان آرگو یوانو کے مطابق ان افراد نے گرفتاری دینے میں مزاحمت کی جس سے عوام کی جان کو خطرات لاحق ہو گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران کی گئی کارروائیوں کے نتیجے میں کم از کم 2 ہزار ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

جزیرہ سماترا کا شہر پلم بینگ آئندہ ماہ 18 اگست سے 2 ستمبر تک ایشین گیمز کی میزبانی کرے گا اور اسی سلسلے میں جکارتا میں سینکڑوں اضافی سیکیورٹی افسران گشت کررہے ہیں۔

انڈونیشیا کے دوسرے بڑے شہر سوربیا میں چند ماہ قبل ہونے والے حملے کے بعد ایک مرتبہ پھر شدت پسندی کا خطرہ بڑھ گیا تھا جس کی وجہ سے گیمز کو شدید خطرات لاحق ہو گئے تھے۔

مئی میں ہونے والے اس حملے کے بعد سے انڈونیشیا کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ نے کارروائیاں کرتے ہوئے کم و بیش 200مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا۔

گیمز کی میزبانی کرنے والے جکارتا، پلم بینگ اور مغربی جاوا میں اضافی ایک لاکھ سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔

اولمپک کے بعد سب سے بڑا ایونٹ تصور کیے جانے والے اس ایونٹ میں 45 ممالک کے 11ہزار سے زائد ایتھلیٹ شرکت کریں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں