—فائل فوٹو: ڈی این اے انڈیا
—فائل فوٹو: ڈی این اے انڈیا

بولی وڈ کی اداکارائیں اور اداکار یہاں تک فلم ساز بھی مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے ساتھ کام کرنے کے لیے ترستے ہیں، تاہم کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو ان کی پیش کش کو مسترد کر چکے ہیں۔

جس طرح عامر خان متعدد فلموں میں کام کرنے کی پیش کش مسترد کرچکے ہیں، اسی طرح بولی وڈ کے معروف فلم ساز شیکھر کپور کی بیٹی ان کی آفر بھی مسترد کرچکی ہیں۔

جی ہاں، عامر خان 2017 کی اپنی بلاک بسٹر فلم ‘سیکریٹ سپر اسٹار‘ میں زائرہ وسیم نہیں بلکہ شیکھر کپور کی بیٹی کیواری کپور کو کاسٹ کرنا چاہتے تھے۔

تاہم کیواری کپور نے مسٹر پرفکیشنسٹ کی فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا۔

لیکن سوال یہ ہے کہ آخر کیواری کپور نے ‘سیکریٹ سپر اسٹار‘ جیسی فلم میں کام کرنے سے انکار کیوں کیا، جب کہ فلم میں اسے ایک گلوکارہ کا کردار ادا کرنا تھا۔

بولی وڈ لائف کی رپورٹ کے مطابق کیواری کپور کی والدہ اور شیکھر کپور کی اہلیہ گلوکارہ سچترا کشن مورتھی نے ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کیا کہ عامر خان نے اپنی فلم ‘سیکریٹ سپر اسٹار‘ میں انسیا کا کردار ادا کرنے کے لیے ان کی 17 سالہ بیٹی کو پیش کش کی تھی۔

کیواری کے انکار کے بعد زائرہ وسیم کو کاسٹ کیا گیا—فائل فوٹو: بولی وڈ ببل
کیواری کے انکار کے بعد زائرہ وسیم کو کاسٹ کیا گیا—فائل فوٹو: بولی وڈ ببل

سچترا کشن مورتھی کے مطابق تاہم ان کی بیٹی کیواری کپور نے عامر خان کی پیش کش کو مسترد کردیا۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ ان کی بیٹی نے عامر خان کی پیش کش کیوں ٹھکرائی، جس پر سچترا کشن مورتھی نے جواب دیا کہ کیواری کپور کا کہنا تھا کہ وہ فی الحال فلموں میں نظر نہیں آنا چاہتی۔

کیواری کپور گلوکاری میں شوق رکھتی ہیں—فوٹو: فیس بک
کیواری کپور گلوکاری میں شوق رکھتی ہیں—فوٹو: فیس بک

ساتھ ہی شیکھر کپور کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ ان کی شدید خواہش تھی کہ ان کی بیٹی عامر خان کی فلم میں کام کرے، کیوں کہ وہ اپنی بیٹی کو اداکاری کرتے دیکھنا چاہتی ہیں۔

سچترا کشن مورتھی نے مزید بتایا کہ ان کی بیٹی خود کو صرف گلوکاری اور نغمے لکھنے تک محدود رکھنا چاہتی ہیں۔

اس انکشاف سے قبل رواں برس فروری میں ہی کیواری کپور کے والد اور فلم ساز شیکھر کپور نے ایک ٹوئیٹ کے ذریعے انکشاف کیا تھا کہ ان کی بیٹی نے ان کی فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا۔

شیکھر کپور نے ٹوئیٹ کی کہ میں نے اپنی بیٹی سے پوچھا کہ وہ میری فلم میں کام کرنا چاہیں گی، جس پر انہوں نے انتہائی آسان جواب دیا کہ وہ اسی صورت میں ہی فلم میں کام کریں گی، جب پر انہوں نے کہا کہ وہ صرف موسیقی ترتیب دے سکتی ہیں۔

ان کی بیٹی کیواری کپور اب تک 4 سے زائد گانے ریلیز کر چکی ہیں اور وہ گلوکاری اور نغمے لکھنے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔

جس فلم میں کام کرنے کے لیے عامر خان نے انہیں پیش کش کی تھی، اس میں بھی انہیں ایک گلوکارہ کا کردار ادا کرنا تھا، تاہم انہوں نے انکار کردیا۔

بعد ازاں ‘سیکریٹ سپر اسٹار‘ میں گلوکارہ کا کردار عامر خان کی فلم ‘دنگل’ سے ہی کیریئر شروع کرنے والی زائرہ وسیم نے ادا کیا، جب کہ فلم نے ریکارڈ بزنس کی۔

اس فلم کے بعد زائرہ وسیم کو پریانکا چوپڑا اور فرحان اختر کی فلم ‘اسکائی از پنک‘ میں بھی ایک نوجوان لڑکی کے کردار کی پیش کش ہوئی ہے۔

‘اسکائی از پنک‘ میں زائرہ وسیم عائشہ چوہدری نامی ایک معروضی بیماری میں مبتلا بچی کا کردار ادا کریں گی، جب کہ پریانکا ان کی والدہ اور فرحان اختر ان کے والد کے روپ میں نظر آئیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں