انگلینڈ کا پاکستان سے ون ڈے سیریز، ٹی ٹوئنٹی کے شیڈول کا اعلان

اپ ڈیٹ 19 جولائ 2018

ای میل

انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ میچز کی سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا۔

انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق پاکستان آئندہ سال ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ میں ایک ٹی ٹوئنٹی اور 5 ایک روزہ میچز کھیلے گا۔

سیریز کا واحد ٹی ٹوئنٹی میچ 5 مئی کو کارڈف کے صوفیہ گارڈنز میں کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ایک روزہ میچز کی سیریز کا پہلا مقابلہ 8 مئی کو اوول اور دوسرا میچ 11 مئی کو ساؤتھمپٹن میں کھیلا جائے گا۔

تیسرا ون ڈے 14 مئی کو برسٹل کے برائٹ سائڈ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا، دونوں ٹیمیں 17 مئی کو ناٹنگھم شائر کے ٹرینٹ بِرج گراؤنڈ میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی، جبکہ سیریز کا پانچواں اور آخری ایک روزہ میچ 19 مئی کو لیڈز کے ایمیرلڈ ہیڈنگلے اسٹیڈیم میں ہوگا۔

اس سیریز کو اس لیے اہمیت حاصل ہوگی کہ اس سے پاکستانی کھلاڑیوں کو انگلینڈ اور ویلز میں ہونے والے ورلڈ کپ سے قبل انگلش کنڈیشنز کو سمجھنے کا بہترین موقع ملے گا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کا ایونٹ 30 مئی سے شروع ہوگا۔