پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے وزارت داخلہ کی ہدایت پر عام انتخابات 2018 کے دوران بلوچستان کے مزید 3 اضلاع میں موبائل انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا جس کے بعد صوبے میں سروس سےمحروم اضلاع کی تعداد 6 ہوگئی۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن میں کہا گیا ہے کہ وزارت داخلہ کی ہدایت پر تین اضلاع پشین، قلعہ عبداللہ اور مستونگ میں 20 جولائی سے 31 جولائی 2018 تک موبائل ڈیٹا انٹرنیٹ سروس بند رہے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دیگر تین اضلاع آواران، کیچ اور قلات میں فروری 2017 سے ڈیٹا سروس معطل ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق موبائل انٹرنیٹ سروس بند ہونے کی وجہ سے الیکشن کمیشن کی رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم (آر ٹی ایس) سروس متاثر ہو گی۔

حکومت کے اس اقدام سے بلوچستان کے متعلقہ 6 اضلاع میں موبائل انٹرنیٹ سروس بند ہونے سے الیکشن کمیشن کی ووٹر تصدیقی سروس بھی متاثر ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں:مستونگ میں خوفناک خود کش حملہ، جاں بحق افراد کی تعداد 128 ہوگئی

خیال رہے کہ پی ٹی اے کی جانب سے تمام6 اضلاع میں موبائل انٹرنیٹ سروس وزارت داخلہ کی ہدایت پر بند کر دی گئی ہے۔

وزارت داخلہ نے یہ اقدام مستونگ میں دو ہفتے قبل انتخابی مہم کے دوران خود کش دھماکے میں صوبائی اسمبلی کے امیدوار سمیت 140 سے زائد افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد اٹھایا ہے۔

حکومت نے سیکورٹی خدشات کے باعث بلوچستان کے مذکورہ 6 اضلاع میں موبائل انٹرنیٹ سروس بند کر دی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں