پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر فخرزمان نے زمبابوے کے خلاف سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان کی جانب سے ون ڈے کرکٹ کی پہلی ڈبل سنچری کرکے سعید انور کا سب سے بڑا انفرادی اسکور کا ریکارڈ توڑ دیا اور امام الحق کے ساتھ مل کر طویل ترین اوپننگ شراکت سمیت کئی ریکارڈ قائم کردیے۔

فخر زمان اور امام الحق نے پاکستان کے لیے کئی ریکارڈ بنالیے جس میں پہلی وکٹ پر شراکت کا نیا عالمی ریکارڈ بنایا اور پاکستان کی جانب سے کسی بھی وکٹ میں سب سے طویل شراکت کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔

فخر زمان نے ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سنچری مکمل کی اور وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے پاکستان کے پہلے اور دنیا کے چھٹے بلے باز ہیں۔

انھوں نے پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ انفرادی اسکور بنانے کا سعید انور کا 194 رنز کا ریکارڈ توڑا۔

ایک روزہ کرکٹ میں سب سے بڑا انفرادی اسکور بنانے کا ریکارڈ بھارت کے روہت شرما کے پاس ہے، جنھوں نے نومبر 2014 میں سری لنکا کے خلاف کولکتہ کے ایڈن گارڈن گراؤنڈ میں 264 رنز بنا کر قائم کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:فخر زمان کی ڈبل سنچری: پاکستان نے زمبابوے کو 244 رنزسے شکست دے دی

نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل نے ناقابل شکست 237 رنز بنائے، بھارت کے وریندر سہواگ 219، ویسٹ انڈیز کے کرس گیل 215 اور بھارت کے روہت شرما 209 رنز کے ساتھ بالترتیب سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں میں شامل ہیں۔

پاکستان کی جانب سے سابق اوپنر سعید انور نے 21 مئی 1997 کو بھارت کے خلاف 194 رنز بنائے تھے جس کو 21 برس بعد فخر نے توڑ دیا۔

اوپننگ شراکت کا عالمی ریکارڈ

فخر زمان اور امام الحق نے زمبابوے کے خلاف چوتھے ون ڈے میں 304 رنز بنا کر ایک روزہ کرکٹ میں طویل ترین اوپننگ شراکت بھی قائم کی۔

دونوں نوجوان کھلاڑیوں نے پاکستان کی طویل اوپننگ اور کسی بھی وکٹ کی طویل شراکت کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔

سری لنکا کے اپل تھرنگا اور سنتھ جے سوریا نے یکم جولائی 2006 کو انگلینڈ کے خلاف لیڈز میں پہلی وکٹ میں 286 رنز بنا کر طویل اوپننگ شراکت کا ریکارڈ بنایا تھا۔

پاکستان کی جانب سے محمد حفیط اور عمران فرحت نے 11 ستمبر 2011 کو زمبابوے کے خلاف ہرارے میں 228 رنز کی اوپننگ شراکت کا ریکارڈ بنایا تھا۔

خیال رہے کہ ایک روزہ کرکٹ میں کسی بھی وکٹ میں طویل شراکت کا اعزاز ویسٹ انڈیز کے کرس گیل اور مارلن سیمولز کو حاصل ہے جنھوں نے 24 فروری 2015 کو زمبابوے کے خلاف دوسری وکٹ کی شراکت میں 372 رنز بنائے تھے۔

پاکستان نے زمبابوے کے خلاف 399 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا جو ایک روزہ کرکٹ میں پاکستان کا سب سے بڑا اسکور ہے، اس سےقبل پاکستان نے 21 جون 2010 کو دمبولا میں بنگلہ دیش کے خلاف 7 وکٹوں پر 385 رنز بنائے تھے۔

ایک روزہ کرکٹ میں سری لنکا کو سب سے بڑا اسکور 9 وکٹوں پر 443 رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے جو انھوں نے 4 جولائی 2006 کو نیدرلینڈز کے خلاف بنایا تھا۔

دوسرے نمبر پر جنوبی افریقہ ہے جس نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 18 جنوری 2015 کو 2 وکٹوں پر 439 رنز بنائے تھے۔

تبصرے (1) بند ہیں

ImtiaZ ALI Jul 22, 2018 12:24am
ون ڈے میں دوسرے نمبر پر زیادہ رنز بھی انگلینڈ نے 444رنز پاکستان کے خلاف بنائے ہیں