پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک ٹوئٹ کی گئی ہے جس میں فیض احمد فیض کی نظم کے چند اشعار شیئر کیے گئے ہیں۔

آج (21 جولائی ) شام 5 بج کر 08 منٹ پر شیئر کی گئی ٹوئٹ میں مریم نواز نے لکھا ہے کہ ’جس دھج سے کوئی مقتل میں گیا، وہ شان سلامت رہتی ہے ۔ یہ جان تو آنی جانی ہے،اس جاں کی تو کوئی بات نہیں۔ گر بازی عشق کی بازی ہے، جو چاہو لگا دو ڈر کیسا۔ گرجیت گئے تو کیا کہنا، ہارے بھی تو بازی مات نہیں۔

مریم نواز کو 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت نے 7 سال قید بامشقت کی سزا سنائی تھی جس کے بعد وہ 13 جولائی کو اپنے والد نواز شریف کے ہمراہ لندن سے لاہور ایئرپورٹ پہنچی تھیں، جہاں سے انہیں گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف، مریم نواز گرفتاری کے بعد اڈیالہ جیل منتقل

میاں نواز شریف کی صاحبزادی نے ٹوئٹ کے ساتھ ’ووٹ کو عزت دو‘ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا ہے۔

واضح رہے کہ اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ مذکورہ ٹوئٹ مریم نواز نے خود کی ہے یا ان کی سوشل میڈیا ٹیم کی جانب سے ان کا ٹوئٹر اکاؤنٹ استعمال کیا گیا ہے۔

بعض نجی چینل پر اس حوالے سے یہ خبر بھی نشر ہوئی کہ مریم نواز کو جیل میں انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کردی گئی ہے، تاہم اس خبر کی تصدیق نہیں ہوسکی۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے مریم نواز کی جانب سے سوشل میڈیا کے استعمال پر سخت تنقید کی ہے۔

پی ٹی آئی کے فیس بک آفیشل پیج پر مریم نواز کی ٹوئٹ شیئر کی گئی ہے اور اس کے ساتھ ہی لکھا گیا ہے کہ’اس لاڈلی کو کس نے جیل سے موبائل فون استعمال کرنے کی اجازت دی؟ جیل میں موبائل کا استعمال ممنوع ہوتا ہے، کس قانون کے تحت یہ رعایت دی جارہی ہے؟‘

تبصرے (0) بند ہیں