سابق ماڈل، لکھاری عینی علی خان، اپنی رہائش گاہ میں آگ لگنے کے باعث ہلاک

اپ ڈیٹ 21 جولائ 2018
عینی علی خان ڈان نیوز کے پروگرام ذرا ہٹ کے میں اپنی رپورٹ کے حوالے سے گفتگو کر رہی ہیں — فوٹو: ڈان نیوز
عینی علی خان ڈان نیوز کے پروگرام ذرا ہٹ کے میں اپنی رپورٹ کے حوالے سے گفتگو کر رہی ہیں — فوٹو: ڈان نیوز

سابق ماڈل اور فری لانس صحافی قرۃالعین (عینی) علی خان کی لاش ان کی رہائش گاہ سے بر آمد کرلی گئی۔

سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) جنوب عمر شاہد نے ڈان کو بتایا کہ ان کی لاش کراچی جم خانہ کے قریب واقع قصر زینپ بلڈنگ کے تیسرے فلور سے بر آمد کی گئی۔

ان کی لاش کو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کردیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی دم گھٹنے کی وجہ سے ہلاکت کی تصدیق کی تاہم ان کا کہنا تھا کہ لاش پر کسی قسم کے جلنے یا چوٹ لگنے کے نشانات موجود نہیں تھے۔

ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ عینی کے شوہر بیرون ممالک میں مقیم ہیں اور وہ اپنے فلیٹ میں اکیلے رہتی تھیں۔

آرٹلری میدان پولیس کے اسٹیشن ہاؤس افسر صفدر ماشوانی نے ڈان کو بتایا کہ انہیں عینی کے پڑوسیوں کی جانب سے اطلاع ملی تھی کہ ان کے فلیٹ سے دھواں نکل رہا ہے۔

پولیس نے فوری موقع پر پہنچی تو فلیٹ کا دروازہ اندر سے بند تھا تاہم پولیس کی جانب سے اسے توڑے جانے پر انہیں اندر لاش ملی جبکہ لاش کے سرہانے چند جلی ہوئی کتابیں بھی موجود تھیں۔

عینی کے سابق پڑوسیوں نے نام نہ بتانے کی شرط پر ڈان کو بتایا کہ عینی کی شادی کے بعد وہ امریکا منتقل ہوگئی تھیں تاہم انہوں نے اپنے شوہر سے علیحدگی اختیار کرنے کے بعد پاکستان واپس آگئی تھیں۔

وہ اپنے خاتون ساتھی کے ساتھ کے ساتھ رہ رہی تھیں تاہم خاتون ساتھی بھی چند دنوں کے لیے انگلیںڈ چلی گئی تھیں جبکہ عینی کے 2 بھائی بھی بیرون ممالک میں مقیم ہیں۔

انہوں نے ڈان کو بتایا کہ عینی لکھاری کے طور پر کام کر رہی تھیں اور حال ہی میں انہوں نے اپنی کتاب مکمل کی تھی اور کہا تھا کہ وہ اب شائع ہونے کے مراحل میں ہے۔

سابق ماڈل، 38 سالہ عینی کا تعلق صحافت سے بھی تھا اور انہوں نے ڈان، ہیرالڈم سلیٹ، ایکپریس ٹربیون، ایشیا سوسائٹی اور کاروان سمیت دیگر پبلیکیشنز کے لیے بھی کام کرچکی ہیں۔

گزشتہ سال انہوں نے ہیرالڈ کے لیے ’دی مسنگ ڈاٹرز آف پاکستان‘ کے عنوان سے مضمون لکھا تھا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Nadeem Ahmad Jul 22, 2018 10:38am
اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ