سری لنکا نے ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ کی پہلی اننگز میں مہمان جنوبی افریقہ کو 124 رنز پر آؤٹ کرکے میچ میں اپنی پوزیشن مستحکم کرلی۔

کولمبو میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز سری لنکا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 338 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

سری لنکا کی جانب سے ڈی سلوا 60 رنز بنا کر نمایاں رہے، گناتھیلاکا 57 اور کروناتنتے نے 53 رنز بنا کر ٹیم کے اسکور کو 338 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

مہمان ٹیم کے کیشو مہاراج نے تباہ کن باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز کا آغاز کیا تو گزشتہ میچ کی طرح ایک مرتبہ پھر سری لنکن باؤلرز کے جال میں پھنس گئی اور پوری ٹیم صرف 124 رنز پرڈھیر ہوگئی۔

جنوبی افریقہ کے 6 بلے باز دوہرے ہندسہ کو بھی عبور نہ کر سکے۔

کپتان فاف ڈیوپلیسی 48 اور کوئنٹن ڈی کوک 32 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ ہاشم آملہ نے 19 اور باووما 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کی جانب سے اکیلا داننجایا نے 5 اور دلروون پریرا نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

کولمبو میں جب دوسرے روز کھیل کا اختتام ہوا تو سری لنکا نے 3 وکٹوں پر 151 رنز بنائے تھے۔

دوسری اننگز میں گونا تھلیکا 61، مینڈس 18 اور ڈی سلوا صفر پر آؤٹ ہوئے تاہم کرونارتنے 59 اور میتھیوز 12 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

خیال رہے کہ سری لنکا نے سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کو باآسانی 278 رنز سے شکست دے کر 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔

تبصرے (0) بند ہیں