فلم ساز راج کمار ہیرانی کی جانب سے بولی وڈ بابا سنجے دت کی زندگی پر بنائی گئی فلم ‘سنجو’ کی شاندار کامیابی کے بعد بھارت کے معروف فلم ساز رام گوپال ورما نے بھی اداکار کی زندگی پر ایک اور فلم بنانے کا اعلان کیا ہے۔

رام گوپال ورما کے مطابق سنجے دت کی زندگی پر بنائی گئی راج کمار ہیرانی کی فلم ‘سنجو’ میں سنجے دت کی زندگی کا ایک رخ دکھایا گیا، اس فلم میں کئی حقائق کو پر بات ہی نہیں کی گئی۔

رام گوپال ورما جو اس سے قبل ’ستیاِ سرکار، کمپنی، شون، بھوت، جنگل اور اب تک چھپن جیسی کرائم تھرلر اور جرائم پیشہ افراد کے کالے دھندے کے موضوعات پر فلم بنا چکے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ وہ ‘سنجو: دی ریئل اسٹوری’ کے نام سے فلم بنائیں گے۔

ممئبی مرر سے بات کرتے ہوئے رام گوپال نے بتایا کہ وہ اپنی فلم میں سنجے دت کی زندگی کے وہ واقعات دکھائیں گے، جنہیں راج کمار ہیرانی کی فلم میں نہیں دکھایا گیا۔

رام گوپال ورما کی ذیادہ تر فلمیں ناکام گئی ہیں—فائل فوٹو: انڈین ایکسپریس
رام گوپال ورما کی ذیادہ تر فلمیں ناکام گئی ہیں—فائل فوٹو: انڈین ایکسپریس

فلم ساز کے مطابق ان کی فلم سنجے دت کی زندگی میں آنے والے ان واقعات سے پردہ اٹھائے گی، جن سے متعلق آج بھی سب سے ذیادہ چہ مگوئیاں کی جاتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’سنجو‘ کی کامیابی کے بعد بائیوگرافی فلموں کا رواج چل پڑا

تاہم فلم ساز کے اعلان کے بعد ہی خود سنجے دت اپنی زندگی کے ان واقعات پر بات کرتے دکھائی دے رہے ہیں، جن پر اب تک وہ خاموش تھے۔

جب کہ دوسری جانب سے ان کی بہن نمرتا دت رام گوپال ورما سے یہ التجاء کرتی نظر آ رہی ہیں کہ ان کی فلم اداکار کی زندگی میں ایک بار پھر مسائل اور مشکلات لائے گی، اس لیے فلم بنانے کی ضرورت نہیں۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق سنجے دت کی بہن نمرتا دت نے مڈ ڈے سے بات کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ ان کے بھائی نے پہلے ہی زندگی میں کئی مسائل کا سامنا کیا اور مشکلات دیکھیں، جب کہ رام گوپال ورما کی فلم ان کے خاندان کو ایک بار پھر ان ہی مشکلات میں ڈالے گی۔

اگر سنجے پر دوسری فلم بھی بنی تو وہ واحد اداکار ہوں گے، جس کی زندگی پر 2 فلمیں بنیں گی—فائل فوٹو: ہندوستان ٹائمز
اگر سنجے پر دوسری فلم بھی بنی تو وہ واحد اداکار ہوں گے، جس کی زندگی پر 2 فلمیں بنیں گی—فائل فوٹو: ہندوستان ٹائمز

نمرتا دت کے مطابق رام گوپال ورما نے اگر سنجے دت کی زندگی کے ان واقعات پر فلم بنائی، جنہیں راج کمار ہیرانی کی فلم میں نہیں دکھایا گیا، تو ان کا خاندان ایک بار پھر تکلیف دہ ہوگا۔

نمرتا دت نے تسلیم کیا کہ ان کے بھائی منشیات کے عادی ہونے سمیت دیگر مسائل میں پھنس چکے تھے اور ان کے خاندان نے انہیں بڑی کوششوں سے کئی مسائل سے نکالا، جب کہ جیل میں قید کے حوالے سے ان کا خاندان سنجے دت کی مدد کرنے سے قاصر تھا۔

مزید پڑھیں: ’سنجو‘ حقیقت کو سامنے لانے والی فلم‘

نمرتا دت نے یہ بھی تسلیم کیا کہ رام گوپال ورما کی فلم سنجے دت کی زندگی کے منفی پہلوؤں اور ان بھیانک واقعات کو سامنے لائے گی، جن سے بڑی مشکل سے ان کے بھائی اور ان کا خاندان باہر نکلا۔

سنجے دت کی بہن نمرتا دت رام گوپال ورما کے فیصلے سے ناراض نظر آتی ہیں—فائل فوٹو: انڈین ایکسپریس
سنجے دت کی بہن نمرتا دت رام گوپال ورما کے فیصلے سے ناراض نظر آتی ہیں—فائل فوٹو: انڈین ایکسپریس

اگرچہ نمرتا دت نے رام گوپال ورما کو واضح طور پر فلم نہ بنانے کی درخواست نہیں کی، تاہم ان کی باتوں سے یہی ثابت ہوتا ہے کہ وہ چاہتی ہیں کہ سنجے دت کی زندگی کے منفی واقعات کو سامنا نہ لایا جائےتو بہتر ہے۔

دوسری جانب اب سنجے دت بھی اپنی زندگی کے منفی واقعات اور پہلوؤں پر کھل کر بات کرنے لگے ہیں۔

ٹائم آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق سنجے دت نے اعتراف کیا ہے کہ 1993 میں ممبئی دھماکوں کے بعد اپنے گھر میں آر کے 56 رائیفل رکھنا ان کی بڑی غلطی تھی اور اس غلطی کی انہوں نے بہت بڑی قیمت بھی چکائی ہے۔

خیال رہے کہ حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ‘سنجو’ میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ سنجے دت کے گھر سے رائیفل برآمد ہوتی ہے اور وہ اسے رکھنے کا اعتراف بھی کرتے ہیں۔

سنجے کی زندگی پر بنائی گئی فلم سنجو 29 جون کو ریلیز کی گئی تھی—اسکرین شاٹ
سنجے کی زندگی پر بنائی گئی فلم سنجو 29 جون کو ریلیز کی گئی تھی—اسکرین شاٹ

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق سنجے دت نے 1993 میں گرفتاری کے وقت اینٹی ٹیرر لاء کے تحت رائیفل رکھنے کا اعتراف کیا تھا، جس وجہ سے انہیں جیل قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

سنجے دت نے یہ بھی بتایا کہ ان کی زندگی میں متعدد خواتین آئیں جن کے ساتھ ان کے تعلقات رہے اور انہوں نے یہ سب واقعات فلم ساز کو بتائے تھے، تاہم فلم ساز نے مخصوص اور اہم واقعات کو فلم میں دکھایا جو کہ فلم ساز کی اپنی مرضی تھی۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ سنجے دت کی زندگی پر دوسری فلم کب سامنے آتی ہے اور اس میں اداکار کی زندگی کے کون سے واقعات کو دکھایا جاتا ہے۔

رام گوپال ورما نے تاحال اپنی فلم کی کاسٹ اور اسے ریلیز کرنے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔

سنجے دت کی زندگی پر راج کمار ہیرانی کی بنائی فلم ’سنجو’ گزشتہ ماہ 29 جون کو ریلیز کی گئی تھی، فلم نے ریکارڈ بزنس کرتے ہوئے اب تک دنیا بھر سے 550 کروڑ روپے کمالیے ہیں۔

فلم میں سنجے کا کردار رنبیر کپور نے ادا کیا تھا، جب کہ سنجے کی بیوی کا کردار دیا مرزا نے ادا کیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں