بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع دیواس میں پولیس نے 15 سالہ لڑکی کو مبینہ طور پر 4 روز تک ریپ کرنے والے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا تھا کہ لڑکی اسکول سے اپنے گھر واپس جارہی تھی کہ کچھ افراد نے راستے میں روک کر اس کے ساتھ ریپ کیا۔

رپورٹ کے مطابق لڑکی 16 جولائی کو صبح 8 بجے گھر سے اسکول کے لیے نکلی تھی تاہم ان کے اہل خانہ کو اس وقت تشویش ہوئی جب وہ دوپہر کو گھر واپس نہیں آئی۔

مزید پڑھیں: بھارتی خاتون کو 40 افراد نے 4 روز تک مبینہ طور پر ریپ کا نشانہ بنایا

جس کے بعد لڑکی کے اہل خانہ نے 17 جولائی کو نیماوار تھانے میں لڑکی کے لاپتہ ہونے کی شکایت درج کرائی۔

انسپکٹر سجن سنگھ موکاتی نے بتایا کہ ’لڑکی نے اسکول جاتے ہوئے بس سے اُترنے کی کوشش کی جس پر بس کے کنڈیکٹر نے اس کے ساتھ ریپ کیا‘۔

انہوں نے بتایا کہ لڑکی کا کہنا تھا کہ جب وہ بس سے اتر گئی اور گھر کی جانب جانے لگی تو ایک موٹر سائیکل پر سوار دو کم عمر لڑکوں نے اسے راستے میں روکا اور اسے گاؤں میں لے گئے جہاں اس کے ساتھ ریپ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت: گینگ ریپ کے بعد خاتون کو زندہ جلا دیا گیا

پولیس افسر نے بتایا کہ جنسی حملوں کے بعد لڑکی اپنے گھر جارہی تھی کہ موٹر سائیکل پر سوار ایک شخص نے اسے گھر تک چھوڑنے کا پوچھا تاہم اُس شخص نے بھی لڑکی کو اپنی ہوس کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس نے لڑکی کو میڈیکل ٹیسٹ کے لیے ہسپتال منتقل کردیا ہے۔

ویڈیو اپ لوڈ کرنے پر ریپ کا ملزم گرفتار

این ڈی ٹی وی کی ایک اور رپورٹ کے مطابق بھارت کے علاقے مظفر نگر میں پولیس نے ایک ایسے نوجوان کو گرفتار کیا ہے جو کافی عرصے سے ایک 15 سالہ لڑکی کے مبینہ ریپ میں ملوث رہا۔

پولیس افسر راجیو کمار سنگھ نے بتایا کہ نوجوان رواں سال جنوری سے اب تک متعدد مرتبہ لڑکی کے ساتھ ریپ کرچکا تھا اور اُس نے لڑکی کو دھمکی دی تھی کہ اگر اس نے کسی کو بتایا تو وہ اس کی ویڈیو انٹرنیٹ پر اپ لوڈ کردے گا۔

راجیو کمار سنگھ نے بتایا کہ گزشتہ روز نواجوان نے سوشل میڈیا پر ویڈیو اپ لوڈ کی تھی جس کے بعد اسے گرفتار کرلیا گیا۔

مزید پڑھیں: بھارت: لڑکی کے ریپ اور قتل میں ملوث 14 مشتبہ افراد گرفتار

پولیس افسر نے بتایا کہ مقدمہ درج کرکے لڑکی کو میڈیکل ٹیسٹ کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ایک بھارتی خاتون کی جانب سے 40 افراد پر 4 روز تک مبینہ طور پر ریپ کا نشانہ بنانے کے الزام کے بعد پولیس نے گیسٹ ہاؤس کے مالک اور منیجر کو گرفتار کرلیا تھا۔

گزشتہ ہفتے چنائی کے جنوبی شہر میں بھارتی پولیس نے 11 سالہ بچی کے ریپ کے الزام میں 17 افراد کو گرفتار کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں