امریکا کے شہر لاس اینجلس کی سپرمارکیٹ میں ایک مسلح شخص نے خاتون کو فائرنگ کرکے ہلاک اور درجنوں افراد کو یرغمال بنا لیا تاہم 3 گھنٹے بعد پولیس کے سامنے ہتھیار ڈال دیے۔

خبرایجنسی اے پی کی رپورٹ کے مطابق یرغمال افراد میں سے کسی کو شدید چوٹ نہیں آئی۔

مسلح شخص کے ہتھیار ڈالنے سے قبل پولیس کا کہنا تھا کہ مسلح شخص نے اپنی دادی پر 7 گولیاں برسائیں اور دوسری خاتون بھی زخمی ہوئیں جنہیں وہ کار میں زبردستی سوار کررہے تھے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ اہلکاروں نے مذکورہ کار کا پیچھا کیا اور فائرنگ کا تبادلہ ہوا اسی دوران مسلح شخص شہر کے سلور لیک سیکشن کے باہر ایک کھمبے کو گراتے ہوئے اندر داخل ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں:امریکا: مقامی اخبار کے دفتر میں فائرنگ سے متعدد افراد ہلاک

پولیس کی فائرنگ اور مسلح شخص کے داخل ہونے پر مارکیٹ میں موجود افراد میں خوف وہراس پھیل گیا، متعدد افراد کھڑکیاں پھیلانگ کر باہر آگئے تاہم پولیس، فائر فائٹرز اور 18 ایمبولینس جائے وقوع پر پہنچیں اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا۔

سپرمارکیٹ کے مسلسل 3 گھنٹے کے محاصرے کے بعد مسلح شخص نے ہتھکڑی پہننے کی ہامی بھری اور باہر نکل آیا جن کو چاروں یرغمالیوں نے گھیرا ہوا تھا۔

لاس اینجلس کےمیئر ایرک گارسیٹی نے پولیس اور فائر فائٹرز کو ان کے بہترین کام پر مبارک باد دی اور خاتون کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا۔

سپرمارکیٹ میں فائرنگ کے وقت 91 سالہ ڈون کوہلز بھی تھے جو وہاں قریب رہائش پذیر ہیں، سپرمارکیٹ جاتے ہوئے انہوں نے دیکھا کہ پولیس کی دو گاڑیاں اس طرف آرہی ہیں اور گاڑی میں سوار مشتبہ شخص نے کھمبے کو ٹکر مار دی۔

ان کا کہنا تھا کہ گاڑی کا ڈرائیور باہر نکلا تو پولیس نے فائرنگ کی۔

پولیس نے واقعے کے محرکات کے حوالے سے آگاہ نہیں کیا۔

مزید پڑھیں:امریکا: اسکول میں فائرنگ سے پاکستانی طالبہ سمیت 10 ہلاک

خیال رہے کہ امریکا میں عوامی مقامات اور اسکولوں میں ماضی میں فائرنگ کے خون ریز واقعات پیش آتے رہے ہیں۔

رواں سال 29 جون کو میری لینڈ میں ایک اخبار کیپٹل گزیٹ کے دفتر میں ہونے والی فائرنگ سے متعدد افراد ہلاک و زخمی ہوگئے تھے۔

قبل ازیں 18 مئی کو امریکا کی ریاست ٹیکساس کے ہائی اسکول میں مسلح شخص کی فائرنگ سے پاکستانی طالبہ سبیکا عزیز شیخ سمیت 10 طالب علم جاں بحق ہوگئے تھے۔

فائرنگ کا واقعہ ہوسٹن سے 50 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع سینٹا فے ہائی اسکول میں پیش آیا تھا۔

رواں سال کے اوائل میں فلوریڈا کے ہائی اسکول میں فائرنگ سے 17 طلبہ ہلاک ہوئے تھے، جس کے بعد ملک بھر میں ’گن کنٹرول‘ کی حمایت میں بڑے پیمانے پر مظاہرے ہوئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں