شوبز شخصیات کا صبا قمر کی لیک تصاویر پر تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب

اپ ڈیٹ 23 جولائ 2018
ساتھی اداکاروں نے اس معاملے میں صبا قمر کا ساتھ دیا —۔
ساتھی اداکاروں نے اس معاملے میں صبا قمر کا ساتھ دیا —۔

پاکستانی اداکارہ صبا قمر کا شمار بہترین فنکاروں میں کیا جاتا ہے، جن کے مداح دنیا بھر میں موجود ہیں، تاہم حال ہی میں اداکارہ کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی چند تصاویر کے بعد انہیں مداحوں کی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

یہ تصاویر میک اپ اور ہیئر کے ایک فوٹو شوٹ کے لیے صبا قمر کے تیار ہونے کے دوران ان کی اجازت کے بغیر لی گئیں، جنہیں بعدازاں سوشل میڈیا پر شیئر بھی کردیا گیا۔

شیئر ہونے کے فوری بعد یہ تصاویر وائرل ہوئیں، جس کے بعد لوگوں نے صبا قمر کے کردار پر انگلیاں اٹھانے کے ساتھ ساتھ ان پر شدید تنقید کی۔

مزید پڑھیں: ماہرہ اور رنبیر کی تصاویر پر مداحوں کی تنقید

صبا قمر نے تو اس معاملے پر خاموشی اختیار کی، البتہ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے ان کے ساتھی اداکار عثمان خالد بٹ، اعجاز اسلم اور عدنان صدیقی حمایت میں سامنے ضرور آئے۔

عثمان خالد بٹ نے اپنے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے صبا قمر پر تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیا۔

اداکار کا کہنا تھا کہ ’اپنے آئکنز کو نیچا دکھانے کے لیے وجوہات نہ ڈھونڈا کریں، ایسی ویڈیوز اور تصاویر کو شیئر کرنا، ان پر کمنٹ کرنا بند کریں، اگر آپ کو آواز اٹھانی ہی ہے تو ایسی جہالت کے خلاف اٹھائے جس نے یہ تصاویر شیئر کیں‘۔

جبکہ عدنان صدیقی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ حرکت کس نے کی تاہم وہ اس کا نام شیئر نہیں کریں گے۔

البتہ اداکار نے اعلان کیا کہ وہ صبا قمر سے اپنی دوستی نبھاتے ہوئے اب دوبارہ اس شخص کے ساتھ کام نہیں کریں گے۔

اداکار اعجاز اسلم نے بھی صبا قمر کو سپورٹ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسی سستی شہرت کے خلاف ہیں۔

خیال رہے کہ صبا قمر پہلی پاکستانی اداکارہ نہیں جن کی تصاویر سوشل میڈیا پر ان کی اجازت کے بغیر شیئر کی گئی ہوں۔

ان سے قبل اداکارہ ماہرہ خان کی لندن میں اداکار رنبیر کپور کے ساتھ لی گئی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تھی، جن پر ماہرہ کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

تبصرے (0) بند ہیں