ووٹ دیں، سست نہ بنیں، گلوکار بلال خان

25 جولائ 2018
گلوکار بلال خان نے ایک ٹویٹ کے ذریعے مداحوں پر ووٹ ڈالنے کے لیے زور دیا  —۔
گلوکار بلال خان نے ایک ٹویٹ کے ذریعے مداحوں پر ووٹ ڈالنے کے لیے زور دیا —۔

جہاں سوشل میڈیا پر کئی پاکستانی فنکاروں کو انتخابات کے موقع پر ملک سے باہر جانے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، وہیں ایک ایسا اسٹار بھی ہے جو صرف ووٹ ڈالنے کی خاطر دوسرے ممالک سے پاکستان آئے ہیں۔

گلوکار بلال خان نے ٹوئٹر پر ایک ٹویٹ کے ذریعے بتایا کہ وہ انتخابات کے لیے ٹورنٹو سے لاہور آئے ہیں، اور اپنا ووٹ ڈالنے کے فوری بعد واپس ٹورنٹو روانہ ہوجائیں گے، جہاں وہ اس وقت رہائش پذیر ہیں۔

مزید پڑھیں: ماہرہ خان نے ووٹ کیوں نہیں دیا؟

انتخابات کے بعد وہ ٹورنٹو میں منعقد ہونے والے ہم ایوارڈز میں بھی شرکت کریں گے۔

بلال خان نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ’میں انتخابات سے ایک ہفتہ قبل ٹورنٹو سے لاہور آیا ہوں، صرف ووٹ دینے کے لیے، ووٹ دینے کے فوری بعد میں ٹورنٹو واپس چلا جاؤں گا، جہاں میں ہم ایوارڈز میں شرکت کروں گا، میرے لیے اس وقت ٹورنٹو میں رہنا زیادہ بہتر تھا لیکن میں پھر بھی واپس آیا، وجہ یہ ہے کہ میں چاہتا ہوں آپ سب ووٹ دیں، یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم سب اپنے ملک کی خاطر ووٹ دیں، ووٹ دینا زبردست ہے، سست نہ بنیں‘۔

امید ہے گلوکار کے مداح ان کا یہ پیغام پڑھیں گے اور انتخابات میں حصہ لے کر ووٹ دینے ضرور جائیں گے۔

گلوکار بلال خان کے علاوہ اداکار واسع چوہدری بھی انتخابات کا حصہ بننے اور اپنا ووٹ ڈالنے کے لیے پاکستان واپس آئے۔

اداکار نے ٹوئٹر پر ایک سیلفی شیئر کی، جس میں انہوں نے بتایا کہ صرف ووٹ دینے کے لیے انہوں نے 14 گھنٹوں کی فلائٹ طے کی۔

دوسری جانب ماہرہ خان نے پاکستان میں غیر موجودگی اور ووٹ نہ ڈالنے پر انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے اپنے دکھ کا اظہار کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں