سمیتا پٹیل کا بیٹا اپنی ماں پر فلم دیکھنے کا خواہاں

اپ ڈیٹ 29 جولائ 2018
سمیتا پٹیل کو گلیمر اداکارہ بھی کہا جاتا تھا—فوٹو: پنٹ ریسٹ
سمیتا پٹیل کو گلیمر اداکارہ بھی کہا جاتا تھا—فوٹو: پنٹ ریسٹ

آنے والی بولی وڈ فلم ‘ملک’ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے ادکار پرتیک ببر نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی والدہ پر نہ صرف فلم دیکھنے کے خواہاں بلکہ انہوں نے اس فلم کا نام بھی منتخب کر رکھا ہے۔

معروف آنجھانی اداکارہ سمیتا پٹیل کے بیٹے کے مطابق نہ صرف وہ بلکہ بھارت بھر کے لوگ ان کی والدہ کی زندگی پر فلم دیکھنا چاہتے ہیں اور اس حوالے سے لوگ باتیں بھی کرتے رہتے ہیں۔

اپنی فلم کی تشہیر کے دوران 31 سالہ پرتیک ببر کا کہنا تھا کہ وہ صرف اپنی والدہ کی زندگی پر فلم بنانے کے لیے گرین سگنل نہیں دے رہے، بلکہ ان کے اہل خانہ کی بھی یہی خواہش ہے کہ ان کی والدہ کی زندگی پر فلم بنے۔

نوجوان اداکار کے مطابق انہوں نے اپنی والدہ کی زندگی پر بننے والی فلم کا نام بھی منتخب کر رکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ کی زندگی پر بننے والی فلم کا نام ‘ایک تھی سمیتا‘ ہونا چاہیے۔

ڈی این اے انڈیا کے مطابق پرتیک ببر نے اپنی فلم ‘ملک‘ کی تشہیر کے سلسلے میں بھارتی نشریاتی ادارے ‘پریس ٹرسٹ آف انڈیا’ (پی ٹی آئی) سے گفتگو کے دوران اس بات کی شدید خواہش ظاہر کی کہ ان کی والدہ کی زندگی پر فلم بنائی جانی چاہیے۔

پرتیک ببر نے دھوبی گھاٹ سمیت 10 کے قریب فلموں میں کام کیا ہے—اسکرین شاٹ
پرتیک ببر نے دھوبی گھاٹ سمیت 10 کے قریب فلموں میں کام کیا ہے—اسکرین شاٹ

تاہم گفتگو کے دوران انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ وہ اپنی والدہ کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم میں کس ڈائریکٹر کی ہدایات دیکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی نہیں بتایا کہ وہ اسکرین پر اپنی والدہ کے کردار کے لیے کس اداکارہ کو دیکھنا پسند کریں گے اور نہ ہی انہوں نے اس بات کی پیش کش کی کہ وہ اپنی والدہ کی زندگی سے متعلق اہم معلومات بھی فراہم کریں گے یا نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’سمیتا پٹیل کی آنکھیں بھی بولتی تھیں‘

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ سمیتا پٹیل کی زندگی پر فلم بنائے جانے کی بات کی گئی ہے، ماضی میں بھی ان سمیت دیگر بڑی اداکاراؤں کی زندگی پر فلمیں بنانے کی باتی کی جاتی رہی ہیں۔

تاہم گزشتہ ماہ 29 جون کو بولی وڈ اداکار سنجے دت کی زندگی پر بنائی گئی فلم ‘سنجو’ کی کامیابی کے بعد نہ صرف سمیتا پٹیل اور مدھوبالا کی زندگی پر فلمیں بنائے جانے کی باتیں سامنے آئی ہیں، بلکہ کئی اور اداکار بھی اس حوالے سے بات کرتے نظر آتے ہیں۔

سمیتا پٹیل 1986 میں اپنے بیٹے پرتیک کو جنم دینے کے کچھ دنوں کے بعد ہی بیماری کے باعث چل بسی تھیں۔

—فائل فوٹو: انڈیا ٹو ڈے
—فائل فوٹو: انڈیا ٹو ڈے

سمیتا پٹیل محض 31 سال کی عمر میں 13 دسمبر 1986 کو انتقال کر گئی تھیں۔

کہا جاتا ہے کہ اداکارہ کی موت دوران زچگی ڈاکٹروں کی غفلت کے باعث ہونے والی بیماریوں کے باعث ہوئی۔

سمیتا پٹیل نے ہندی سمیت دیگر ہندوستانی زبان کی 80 فلموں میں اداکاری کی، انہوں نے کم عمری میں ہی فلم انڈسٹری میں اچھا مقام حاصل کیا۔

سمیتا پٹیل نے نہ صرف نیشنل اور فلم فیئر ایوارڈ حاصل کیے، بلکہ انہیں پدماشری ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

ان کی مقبول فلموں میں ’بھومیکا، چکرہ، بازار، ارتھ، منڈی، آکروش، ستم اور صبح‘ سمیت دیگر فلمیں شامل ہیں۔

انہیں ماضی کی گلیمر اداکارہ بھی کہا جاتا تھا۔

—فائل فوٹو: پنٹ ریسٹ
—فائل فوٹو: پنٹ ریسٹ

تبصرے (0) بند ہیں