میگھن مارکل جلد سے جلد پریانکا کے بچے دیکھنے کی خواہاں

اپ ڈیٹ 03 اگست 2018
—فائل فوٹو: ہارپر بازار/ ڈزنی وکی
—فائل فوٹو: ہارپر بازار/ ڈزنی وکی

رواں برس 19 مئی کو برطانوی شاہی خاندان کا حصہ بننے والی سابق ہولی وڈ اداکارہ میگھن مارکل اور بولی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کی دوستی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔

پریانکا چوپڑا نے جہاں میگھن مارکل کی شہزادے ہیری سے منگنی پر خوشی کا اظہار کیا تھا، وہیں انہوں نے شاہی خاندان کی شادی میں شرکت بھی کی تھی۔

لیکن اب برطانوی شاہی خاندان کی بہو میگھن مارکل نے اپنی شادی کے کچھ ہی ماہ بعد اپنی سہیلی کی جلد سے جلد شادی اور ان کے بچوں کو دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

میگھن مارکل نے اس خواہش کا اظہار ایک ایسے وقت میں کیا ہے، جب کہ یہ چہ مگوئیاں تیز ہیں کہ پریانکا چوپڑا جلد ہی امریکی گلوکار نک جونس سے پہلے منگنی اور بعد ازاں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: پریانکا چوپڑا اور امریکی گلوکار کے درمیان محبت کی چہ مگوئیاں

ایسی خبروں کے بعد میگھن مارکل نے بھی پریانکا چوپڑا کی جلد شادی اور ان کے بچوں سے متعلق خواہش کا اظہار کرکے اس بات کا اشارہ دے دیا ہے کہ پگی چوپس جلد ہی زندگی کا نیا باب شروع کرنے والی ہیں۔

—فائل فوٹو: سلیبرٹی انسائڈ
—فائل فوٹو: سلیبرٹی انسائڈ

ہولی وڈ لائف کی رپورٹ کے مطابق میگھن مارکل نے اپنی سہیلی پریانکا چوپڑا کی شادی کے حوالے سے خبروں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے بچے انتہائی خوبصورت ہوں گے۔

میگھن مارکل کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ نک جونس اور پریانکا چوپڑا خوبصورت، ذہین اور بہت ہی پیارے بچے پیدا کریں گے۔

نک جونس اور پریانکا چوپڑا 2017 میں کانز میں پہلی بار ایک ساتھ دیکھے گئے—فائل فوٹو: اے ایف پی
نک جونس اور پریانکا چوپڑا 2017 میں کانز میں پہلی بار ایک ساتھ دیکھے گئے—فائل فوٹو: اے ایف پی

برطانوی شاہی خاندان کی بہو کا کہنا تھا کہ وہ پریانکا چوپڑا کی شادی کی خبروں پر انتہائی خوش ہیں اور وہ اس حوالے سے جلد سے جلد دعوت کی منتظر ہیں۔

مزید پڑھیں: پریانکا چوپڑا اگلے ماہ منگنی کریں گی؟

شہزادے ہیری کی اہلیہ نے پریانکا چوپڑا کو بہت ہی خوبصورت جب کہ امریکی گلوکار نک جونس کو سمارٹ شخص قرار دیا۔

انہوں نے پریانکا چوپڑا اور امریکی گلوکار کی محبت پر تعجب کرنے کے بجائے کہا کہ وہ ان کی شادی کے دعوت نامے ملنے کے حوالے سے مزید انتظار نہیں کرسکتیں۔

خیال رہے کہ 25 سالہ نک جونس اور 35 سالہ پریانکا چوپڑا کی محبت گزشتہ برس اس وقت شروع ہوئی جب دونوں نے پہلی بار کانز فلمی میلے کے میٹ گالا ایونٹ میں ایک ساتھ جلوے دکھائے۔

—فوٹو: این ڈی ٹی وی
—فوٹو: این ڈی ٹی وی

بعد ازاں دونوں کو متعدد بار امریکا میں ایک ساتھ دیکھا گیا، لیکن رواں برس مئی کے آخر میں ان دونوں کی محبت، منگنی اور شادی کی چہ مگوئیاں تیز ہوئیں۔

مزید پڑھیں: نک جونس نے خود سے 10 سال بڑی پریانکا سے محبت کا سبب بتادیا

رواں برس جون میں پہلی بار نک جونس بھارت پہنچے تھے، جہاں انہوں نے پریانکا چوپڑا کی والدہ اور بھائی سے بھی ملاقات کی تھی، بعد ازاں دونوں ایک ساتھ امریکا گئے تھے۔

پریانکا چوپڑا نے کچھ دن قبل ہی سلمان خان کے ساتھ آنے والی فلم ‘بھارت’ میں کام کرنے سے معزرت کی تھی، فلم کے ڈائریکٹر نے ان کی معزرت کی تصدیق کرتے ہوئے ان کی نک جونس سے منگنی یا شادی کا حوالہ بھی دیا۔

خبریں ہیں کہ پریانکا چوپڑا اگلے 2 ہفتوں کے اندر اندر منگنی کریں گے، ساتھ ہی یہ بھی اطلاعات ہیں کہ انہوں نے منگنی پہلے ہی کر لی ہے، بس اس کا اعلان ہونا باقی ہے۔

اطلاعات ہیں کہ منگنی کے بعد اگلے ایک سال کے اندر اندر جوڑا شادی کے بندھن میں بندھ جائے گا، تاہم تاحال اس حوالے سے دونوں نے کوئی وضاحت نہیں کی۔

—فوٹو: ہولی وڈ لائف
—فوٹو: ہولی وڈ لائف

تبصرے (0) بند ہیں