نوشہرہ: خاوند کی فائرنگ سے پشتو گلوکارہ ریشم ہلاک

اپ ڈیٹ 01 اگست 2018
پولیس کے مطابق پشتو گلوکارہ ریشم کو ان کے خاوند نے فائرنگ کرکے قتل کیا — فوٹو: سراج الدین
پولیس کے مطابق پشتو گلوکارہ ریشم کو ان کے خاوند نے فائرنگ کرکے قتل کیا — فوٹو: سراج الدین

صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے نوشہرہ کلاں میں خاوند کی فائرنگ سے پشتو گلوکارہ ریشم ہلاک ہوگئیں جبکہ ملزم واقعے کے بعد فرار ہوگیا۔

پولیس کے مطابق تھانہ کلاں نے مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

مقتولہ ریشم — فوٹو: سراج الدین
مقتولہ ریشم — فوٹو: سراج الدین

مقتولہ کے بھائی نے الزام لگایا کہ گلوکارہ ریشم کو اس کے خاوند نے مبینہ طور پر فائرنگ کرکے قتل کیا۔

انہوں نے پولیس کو بتایا کہ مقتولہ خاوند سے ناراضی کے باعث اپنے بھائی کے ساتھ رہتی تھیں جبکہ ملزم کچھ روز قبل ہی انہیں اپنی ماں کی بیماری کا کہہ کر ساتھ لے گیا تھا۔

پولیس نے اس حوالے سے بتایا کہ مقامی گلوکارہ ریشم کی ایک سال قبل شادی ہوئی تھی اور ملزم فائدہ خان کی ریشم کے علاوہ 4 بیویاں ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزم نے ریشم کو گھریلو ناچاقی پر فائرنگ کرکے قتل کیا، جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

اس سے قبل 11 اپریل 2018 کو گلوکارہ ثمینہ سموں عرف ثمینہ سندھو کو طارق احمد جتوئی نامی شخص نے اس وقت فائرنگ کرکے ہلاک کردیا جب وہ لاڑکانہ سے متصل ایک گاؤں میں تقریب کے دوران اپنے فن کا مظاہرہ کررہی تھیں۔

19 جون 2014 کو صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پشتو گلوکارہ گل نازعرف مستان جان ہلاک ہوگئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں