بہت سے گلوکار اپنی آواز کو مصنوعی طور پر اور سریلی دھنوں کے ساتھ خوبصورت بنانے کی کوشش کرتے ہیں، تاہم پاکستان کے شہر کراچی میں ایک ایسا ٹیلنٹڈ پینٹر موجود ہے جس کی آواز کو کسی دھن کی ضرورت نہیں۔

کراچی سے تعلق رکھنے والے پینٹر عارف کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے۔

اس ویڈیو میں عارف ایک گھر میں پینٹ کررہے ہیں، ساتھ ساتھ وہ بولی وڈ کی متعدد فلموں کے کامیاب گانوں کی گلوکاری بھی کررہے ہیں۔

یہ لائو ویڈیو ’اکبر ٹویٹس‘ نامی فیس بک پیج سے شیئر کی گئی جس میں بتایا گیا کہ عارف کا تعلق تو کراچی سے ہے لیکن وہ رہتے راول پنڈی میں ہیں۔

لائو ویڈیو کے دوران صارفین عارف سے اپنی پسند کے گانوں کی گلوکاری کرنے کی درخواست کرتے رہے۔

عارف نے عاطف اسلم اور ارجیت سنگھ جیسے بہترین گلوکاروں کے گانے بغیر کسی میوزک کے بہترین انداز میں گائے۔

مزید پڑھیں: پھل فروش نوجوان کی گلوکاری توجہ کا مرکز

بعدازاں اس فیس بک پیج پر عارف کی ایک تصویر بھی شیئر کی گئی، جس پر ویڈیو کو ملنے والے پیار اور سپورٹ کا شکریہ ادا کیا۔

پوسٹ میں یہ بھی بتایا کہ بیرون ملک سے تعلق رکھنے والے بہت سے افراد عارف کو سپانسر کرنا چاہتے ہیں۔

جبکہ عارف کے بارے میں مزید تفصیلات تاحال شیئر نہیں کی گئیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل صوبہ پنجاب کے شہر لاہور سے تعلق رکھنے والے ایک پھل بیچنے والے نوجوان کی بہترین اور سریلی آواز سوشل میڈیا پر لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئی تھی۔

اس نوجوان نے بولی وڈ فلم ’خاموشیاں‘ کا گانا ’باتیں یہ کبھی نہ تو بھولنا‘ گایا تھا جس کی ویڈیو خوب وائرل ہوئی۔

اس سے قبل 2016 میں کراچی سے تعلق رکھنے والے ماسٹر اسلم کی اپنے رکشے میں بڑے غلام علی کی ٹھمری ' یاد پیا کی آئے' کی ویڈیو فیس بک پر وائرل ہوئی تھی جس کی تعریف لیجنڈ گلوکارہ لتا منگیشکر نے بھی کی تھی۔

ان ویڈیو کو دیکھ کر یہ اندازہ ہوتا ہے کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں اور ایسے ٹیلنٹڈ افراد کو ایک موقع ضرور ملنا چاہیے۔

تبصرے (0) بند ہیں