بولی وڈ کی تین بڑی فلمیں ’فنے خان‘، ’ملک‘ اور ’کارواں‘ آج ریلیز کیلئے پیش کردی گئی ہیں۔

ان فلموں میں بولی وڈ کے بڑے بڑے ستاروں نے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

تینوں فلموں میں ایشوریا رائے بچن، انیل کپور، رشی کپور اور عرفان خان جیسے بڑے اسٹارز موجود ہیں۔

فلموں کی کہانی ایک دوسرے سے کافی مختلف ہے۔

ان فلموں کو بولی وڈ تجزیہ کاروں کے ملے جلے ریویوز کا سامنا کرنا پڑا۔

فنے خان

فلم فنے خان کی کہانی ڈرامائی، کامیڈی اور میوزیکل ہے۔

اس فلم میں انیل کپور، راج کمار راؤ اور ایشوریا رائے بچن نے اہم کردار ادا کیے۔

فلم کی کہانی ایک والد کے گرد گھومتی ہے، جو خود بڑے گلوکار نہیں بن پائے لیکن اپنی بیٹی کو بہت بڑے گلوکارہ بنانے کے خواہش مند ہیں، اور ایسا کرنے کے لیے وہ ایک پاپ اسٹار کو اغواء کریں گے۔

فرسٹ پوسٹ

ایک کمزور اسکرپٹ اور ہدایت کاری میں چند غلطیوں کے باوجود، فنے خان میں موجود کامیڈی آپ کو متاثر کرسکتی ہے، فلم میں سب سے زیادہ متاثر کن ایشوریا رائے اور راج کمار راؤ ہی رہے۔

ٹائمز ناؤ

بولی وڈ اداکار انیل کپور اس عام سی فلم میں سب سے خاص رہے۔

انیل کپور اس فلم کی روح ہیں، لیکن فلم کے اسکرپٹ نے مایوس کیا، اس فلم میں سب کچھ تھا لیکن انٹرٹینمنٹ نہیں۔

کارواں

فلم کارواں تین انجان لوگوں کے سفر کی کہانی ہے، جو اپنی منزل تک پہنچنے سے قبل ایک دوسرے کو بہت اچھی طرح جان جاتے ہیں۔

ڈرامائی اور کامیڈی پر مبنی اس فلم میں نامور اداکار عرفان خان نے کام کیا۔

اس فلم میں ان کے ساتھ ڈلکر سلمان اور متھلا پارکر نے اہم کردار ادا کیے۔

انڈین ایکسپریس

فلم کی کہانی کمزور ہے جو آہستہ آہستہ متاثر کرے گی، تاہم مداح یہ فلم صرف عرفان خان اور ڈلکر سلمان کے لیے دیکھیں۔

دی ہندو

فلم کی کاسٹ ایک دوسرے سے بالکل الگ تھی، سب سے بہترین کام کیا، تاہم سب سے زیادہ توجہ عرفان خان نے اپنی جانب مرکوز کی، جن کی کامیڈی شائقین کا دل جیت جائے گی۔

ملک

فلم ’ملک‘ میں نامور اداکار رشی کپور اور تپسی پنو نے ایک ساتھ کام کیا، اس فلم کی کہانی ایک مسلم خاندان پر مبنی ہے، جسے راتوں رات دہشت گردی کے واقع میں ملوث کردیا جاتا ہے۔

یہ فلم دنیا بھر کے سینما گھروں میں ریلیز کی گئی، تاہم پاکستان میں اس فلم کو پابندی کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

رپورٹس کے مطابق پاکستان کے وفاقی سنسر بورڈ نے فلم ملک پر پابندی عائد کردی ہے۔

ٹائمز آف انڈیا

فلم کی کاسٹ رشی کپور، تپسی پنو اور پراتیک ببر نے شاندار پرفارمنسز کا مظاہرہ کیا، فلم کی موسیقی کمزور تھی، تاہم فلم میں موجود کورٹ کے سینز سب سے متاثر کن رہے۔

این ڈی ٹی وی

یہ بولی وڈ کی بہترین فلم ہے اور اس طرح کی فلمیں کم سامنے آتی ہیں، تپسی پنو اور رشی کپور دونوں نے ثابت کیا کہ وہ بہترین اداکار ہیں، جن کا کام فلم میں سب سے زیادہ نمایاں رہا۔

تبصرے (0) بند ہیں