جان ابراہم نے ‘سرفروش‘ سے عامر خان کا پتہ کاٹ دیا

اپ ڈیٹ 04 اگست 2018
سرفروش 1999 میں ریلیز ہوئی تھی—فوٹو: اسپاٹ ای
سرفروش 1999 میں ریلیز ہوئی تھی—فوٹو: اسپاٹ ای

بولی وڈ پرفیکشنسٹ عامر خان کی اپنی فلموں کے سیکوئل بہت ہی کم بناتے ہیں،تاہم گزشتہ کچھ عرصے سے ان کی ماضی کی مقبول فلموں کے سیکوئل بنانے کی چہ مگوئیاں جاری ہیں۔

جہاں عامر خان کے مادھوری ڈکشٹ کے ساتھ ڈانس فلم ‘دل’ کے سیکوئل بنانے کی خبریں تھیں وہیں ان کی بلاک بسٹر فلم ‘تھری ایڈیٹس‘ کے سیکوئل بنانے کی چہ مگوئیاں بھی تھیں۔

ساتھ ہی ان کی ایک اور مقبول فلم ‘پی کے’ کا سیکوئل بنانے کی بھی خبریں سامنے آئیں۔

یہ بھی اطلاعات تھیں کہ عامر خان کی ماضی کی کامیاب فلم ‘سرفروش‘ کا سیکوئل بھی بنانے کی تیاریاں جاری ہیں اور عامر خان نے تو سیکوئل میں بھی کام کرنے کی خواہش کا اظٖہار کیا تھا۔

اکتوبر 2017 میں ہی عامر خان نے کہا تھا کہ اگر انہیں موقع ملا تو وہ ‘سروفروش’ کے سیکوئل میں پولیس آفیسر اے سی پی راٹھوڑ کا کردار ادا کریں گے۔

تاہم اب اس حوالے سے تازہ خبر یہ ہے کہ بولی وڈ ایکشن ہیرو جان ابراہم نے عامر خان کا ‘سرفروش’ کے سیکوئل سے پتہ کاٹ دیا۔

دکن کیرونیکل کی رپورٹ کے مطابق جان ابراہم نے بھارتی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ اور فلم ساز میتھیو متھن 1999 کی مقبول فلم ‘سرفروش’ کے سیکوئل پر کام کر رہے ہیں۔

جان ابراہم نے تصدیق کہ فلم میں عامر خان کی جگہ وہ مرکزی کردار ادا کریں گے، ساتھ ہی وہ فلم کے شریک پروڈیوسر بھی ہوں گے۔

اداکار کے مطابق ابھی سرفروش کے اسکرپٹ پر کام جاری ہے، امکان ہے کہ اگلے برس تک فلم کی شوٹنگ کا آغاز کردیا جائے گا۔

سرفروش میں نصیر الدین شاہ اور سونالی باندرے نے بھی کام کیا تھا—پرومو فوٹو
سرفروش میں نصیر الدین شاہ اور سونالی باندرے نے بھی کام کیا تھا—پرومو فوٹو

جان ابراہم نے مزید بتایا کہ اگرچہ وہ سرفروش کا ہی سیکوئل بنا رہے ہیں، تاہم اس فلم کی کہانی مکمل طور پر دوسری ہوگی، تاہم فلم اسی انداز سے ہی بنائی جائے گی۔

اداکار نے یہ نہیں بتایا کہ فلم کی کہانی کیا ہوگی اور فلم کی دوسری کاسٹ میں وہ کن اداکاروں کو کاسٹ کرنا چاہتے ہیں۔

تاہم امکان ہے کہ رواں برس کے اختتام تک فلم کی دوسری کاسٹ کا بھی اعلان کردیا جائے گا۔

خیال رہے کہ عامر خان کی فلم سرفروش 1999 میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں انہوں نے پولیس آفیسر کا کردار نبھایا تھا۔

اس فلم کی مرکزی کاسٹ میں سونالی باندرے اور نصیر الدین شاہ سمیت دیگر اداکار شامل تھے۔

فلم کی کہانی دہشت گردی کے واقعات پر مبنی تھی۔

جان ابراہم سروفروش کے علاوہ ماضی میں بھی پولیس اور دہشت گردی کے واقعات پر بنی ‘مدراس کیفے’ سمیت دیگر فلموں میں کام کر چکے ہیں۔

وہ پولیس اور دہشت گردی جیسے موضوعات پر بنی فلموں ‘ستیہ میو جیتے’ اور ‘بٹلا ہاؤس’ سمیت ‘رومیو اکبر والٹر’ (را) میں بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں