کمار سانو نے 17 سال بعد زندگی کا اہم راز بتادیا

کمار سانو نے 1989 میں گلوکاری کی شروعات کی—فوٹو: فیس بک
کمار سانو نے 1989 میں گلوکاری کی شروعات کی—فوٹو: فیس بک

بھارت کے معروف گلوکار اور میلوڈی کے بے تاج بادشاہ کمار سانو نے زندگی کے اہم ترین راز سے 17 سال بعد پردہ اٹھاتے ہوئے لوگوں کو حیران کردیا۔

درجنوں گیتوں میں اپنی آواز کا جادو جگانے والے 60 سالہ کمار سانو نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے آج سے 17 سال قبل ایک بچی کو گود لیا تھا، لیکن وہ سماجی رسومات کی وجہ سے خاموش رہے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق معروف ٹی وی شو ‘دل ہے ہندوستانی 2‘ میں بات کرتے ہوئے کمار سانو نے کہا کہ انہوں نے اپنی اکلوتی بیٹی شینن کو 2001 میں گود لیا تھا۔

گلوکار نے انکشاف کیا کہ انہوں نے یہ بات 17 سال تک سماجی رسومات کی وجہ سے خفیہ رکھے، تاہم اب انہیں فخر ہے کہ ان کی بیٹی نوجوان ہونے کے ساتھ ساتھ ایک گلوکارہ بھی بن چکی ہیں۔

شینن کو کمار سانو نے 2001 میں گود لیا تھا—فوٹو: مڈ ڈے
شینن کو کمار سانو نے 2001 میں گود لیا تھا—فوٹو: مڈ ڈے

کمار سانو نے بتایا کہ انہیں اس بات کا اندازہ نہیں تھا کہ اگر سماج کو پتہ چلے کہ شینن ان کی اصل بیٹی نہیں بلکہ گود لی ہوئی ہے تو معاشرہ ان کے بارے میں کیا سوچے گا، تاہم اب چوں کہ وہ ملک سے باہر ہے اور بڑی ہونے کے ساتھ گلوکارہ بن چکی ہے تب انہیں تسلیم کرنے میں کوئی عار نہیں کہ شینن کو انہوں نے گود لیا تھا۔

انہوں نے اپنی بیٹی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت محنتی اور اپنے کام پر توجہ دینے والی لڑکی ہے۔

خیال رہے کہ 60 سالہ کمار سانو نے گلوکاری کا آغاز 1989 سے کیا، انہیں سب سے پہلے غزل کے معروف گلوکار جگجیت سنگھ نے متعارف کرایا تھا۔

شینن کمار متعدد امریکی گانے ریلیز کر چکی ہے—فوٹو: وژنری میگ
شینن کمار متعدد امریکی گانے ریلیز کر چکی ہے—فوٹو: وژنری میگ

کمار سانو نے بولی وڈ کے درجنوں معروف گانوں میں 3 دہائیوں تک اپنی آواز کا جادو جگایا، انہیں 1990 سے 2000 تک عروج حاصل تھا، تاہم بعد میں بھی وہ فلموں میں گاتے نظر آئے۔

کمار سانو کی ذاتی زندگی متنازع رہی ہے انہوں نے پہلی شادی 1980 میں اپنے کیریئر سے قبل ہی ریتا بھتاچاریہ سے شادی کی، جنہیں انہوں نے 1994 میں طلاق دے دی۔

بعد ازاں انہوں نے سلونی بھتاچاریہ سے شادی کی جن کے ساتھ ان کے تنازعات اس وقت شروع ہوئے جب کمار سانو کے مختلف بولی وڈ اداکاراؤں کے ساتھ تعلقات کی خبریں سامنے آئیں۔

کمار سانو کا ایک بیٹا اور گود لی ہوئی بیٹی ہیں جو دونوں امریکا رہتے ہیں۔

ان کی گود لی ہوئی بیٹی شینن کمار انگریزی میں گلوکاری کرتی ہیں اور ہولی وڈ میں مقام بنانا چاہتی ہیں۔

کمار سانو کا بیٹا جان کمار بھی امریکا میں رہائش پذیر ہے اور وہ بھی ہولی وڈ میں جگہ بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

بھارتی گلوکار اعتراف کرتے ہیں کہ اگرچہ ہولی وڈ میں انہیں کوئی نہیں جانتا تاہم آنے والے وقت میں ان کا بیٹا اور بیٹی اس انڈسٹری میں اپنا مقام پیدا کریں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں