سلمان خان کا بھارت سے باہر نکلنا عدالتی اجازت سے مشروط

اداکار نایاب ہرن کے شکار کے کیس میں ضمانت پر آزاد ہیں—فائل فوٹو: ٹائمز آف انڈیا
اداکار نایاب ہرن کے شکار کے کیس میں ضمانت پر آزاد ہیں—فائل فوٹو: ٹائمز آف انڈیا

بولی وڈ دبنگ ہیرو سلمان خان جو ان دنوں اپنی آنی والی فلم ‘بھارت’ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، ان کے لیے بری خبر یہ ہے کہ وہ عدالتی اجازت کے بغیر ہندوستان سے باہر نہیں جا سکیں گے۔

جی ہاں، بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جودھپور کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے اداکار کو ہدایت کی ہے کہ وہ بھارت سے باہر کسی بھی دوسرے ملک کا دورہ کرنے سے پہلے عدالت سے اجازت طلب کریں۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق سلمان خان کے وکیل مہیش بورا نے عدالت کو درخواست کی تھی کہ اداکار کو ہمیشہ کے لیے کسی بھی عدالتی اجازت کے بغیر بیرون ملک سفر کرنے کی اجازت دی جائے۔

عدالت نے اداکار کے وکیل سے سوال کیا کہ عدالت سے ہر بار اجازت لینے میں کیا مسئلہ ہے؟ جس پر سلمان خان کے وکیل نے کوئی بھی دلیل دیے بغیر اپنی درخواست واپس لے لی۔

یہ بھی پڑھیں: نایاب ہرن کے شکار کیس میں کب کیا ہوا؟

اداکار کے وکیل کی جانب سے درخواست واپس لیے جانے کے بعد عدالت نے اداکار اور اس کی ٹیم کو ہدایات کیں کہ سلمان خان جب بھی کسی بیرون ملک جائیں تو پہلے عدالت سے اجازت طلب کریں۔

عدالتی احکامات کے بعد سلمان خان کے وکیل نے وہی عدالت میں اداکار کو باہر جانے کی اجازت کی درخواست دائر کی، جس کی منظوری ابھی باقی ہے۔

اداکار کے وکیل نے درخواست دائر کی کہ سلمان خان رواں ماہ 10 سے 26 اگست تک مالٹا اور سعودی عرب فلم کی شوٹنگ کے لیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی سلمان خان کو بیرون ملک جانے کے لیے عدالت سے اجازت لینا پڑتی تھی۔

مزید پڑھیں: نایاب ہرن شکار کیس: عدالت نے صرف سلمان خان کو ہی کیوں سزا دی؟

سلمان خان کو رواں برس اپریل میں جودھپور کی ٹرائل عدالت کی جانب سے 1998 میں نایاب ہرن کا شکار کرنے کے کیس میں 5 سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی۔

عدالتی فیصلے کے بعد اداکار کو جودھپور سینٹرل جیل منتقل کیا گیا تھا، جہاں انہوں نے 2 دن گزارے تھے، جس کے بعد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے ان کی درخواست پر انہیں ضمانت پر رہا کرتے ہوئے انہیں حکم دیا تھا کہ وہ عدالتی اجازت کے بغیر ملک سے باہر نہیں جائیں گے۔

سلمان خان اس وقت جہاں ضمانت پر جیل سے باہر ہیں، وہیں وہ عدالتی اجازت کے بغیر کسی بھی غیر ملک کا دورہ نہ کرنے کے بھی پابند ہیں۔

عدالت نے انہیں اسی کیس میں عدالت میں حاضر ہونے سے مستثنی قرار دے رکھا ہے، جس وجہ سے اب ان کے وکلاء عدالت میں پیش ہوتے ہیں۔

اداکار نے اسی پابندی سے استثنیٰ کے لیے درخواست دائر کی تھی کہ انہیں ہر بار عدالت سے اجازت لینے والے معاملے میں رعایت دی جائے، تاہم عدالت نے ان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں ہر بار عدالت سے اجازت لینا کا حکم دے دیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں