’پدماوت اور باجی راؤ مستانی کی پہلی پسند دپیکا نہیں تھی‘

اپ ڈیٹ 06 اگست 2018
فلم باجی راؤ مستانی اور پدماوت میں دپیکا نے مرکزی کردار ادا کیے —فوٹو/ اسکرین شاٹ
فلم باجی راؤ مستانی اور پدماوت میں دپیکا نے مرکزی کردار ادا کیے —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ اداکارہ ایشوریا رائے بچن کو ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی پسندیدہ ہیروئن مانا جاتا تھا، تاہم اب یہ جگہ اداکارہ دپیکا پڈوکون نے لے لی ہے۔

سنجے لیلا بھنسالی نے ایشوریا رائے کو ’ہم دل دے چکے صنم‘ اور ’دیوداس‘ جیسی کامیاب فلموں میں کاسٹ کیا جبکہ ان کے علاوہ متعدد فلموں میں کام کرنے کی آفرز بھی دی، جن میں اداکاری سے ایشوریا رائے نے انکار کیا۔

ایشوریا نے دیوداس میں اہم کردار ادا کیا —۔
ایشوریا نے دیوداس میں اہم کردار ادا کیا —۔

ایشوریا رائے نے متعدد ایٹرویوز میں یہ بھی کہا کہ وہ سنجے لیلا کی پسندیدہ ہیروئن ہیں اور ہمیشہ رہیں گی۔

تاہم ہدایت کار نے دپیکا پڈوکون کو اپنی کامیاب فلمز ’گولیوں کی راس لیلا: رام لیلا‘، ’باجی راؤ مستانی‘ اور ’پدماوت‘ میں کاسٹ کیا۔

یہ تمام فلمیں باکس آفس پر شاندار بزنس کرنے میں کامیاب ہوئیں۔

ان فلموں کے بعد ایسی افواہیں بھی سامنے آئیں کہ اب دپیکا پڈوکون نے ایشوریا رائے کی جگہ لے لی ہے اور وہ سنجے لیلا بھنسالی کی پسندیدہ ہیروئن بن چکی ہیں۔

دیوداس —۔
دیوداس —۔

مزید پڑھیں: ’باجی راؤ مستانی نہ کرنے کا کوئی افسوس نہیں‘

تاہم حال ہی میں ایشوریا رائے بچن نے انکشاف کیا کہ سنجے لیلا نے دپیکا پڈوکون سے قبل انہیں فلم ’باجی راؤ مستانی‘ کے ساتھ ساتھ ’پدماوت‘ میں بھی مرکزی کردار ادا کرنے کی آفر دی تھی۔

سپاٹ بوائے کو دیے ایک انٹرویو میں ایشوریا نے بتایا کہ ’مجھے ان دونوں فلموں میں کام کی آفر ملی، تاہم سنجے لیلا پہلے میرے لیے باجی راؤ تلاش نہیں کرپائے، جس کے بعد مجھے پدماوت میں کام کی آفر کی، جبکہ بعدازاں انہیں میرے لیے کوئی خلجی بھی نہیں ملا، اور یہی وجہ ہے کہ میں نے دونوں فلموں میں کام نہیں کیا، لیکن ان فلموں کی پہلی پسند میں تھی‘۔

ہم دل دے چکے صنم کا پوسٹر —۔
ہم دل دے چکے صنم کا پوسٹر —۔

یاد رہے کہ فلم ’باجی راؤ مستانی‘ میں دپیکا پڈوکون نے مستانی جبکہ رنویر سنگھ نے باجی راؤ کا کردار ادا کیا تھا۔

جبکہ فلم ’پدماوت‘ میں دپیکا پڈوکون رانی پدماوتی کے روپ میں نظر آئیں تھی اور رنویر سنگھ فلم کے ولن علاؤالدین خلجی بنے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ایشوریا اور دپیکا میں مقابلہ

ایسی رپورٹس بھی سامنے آئیں تھی کہ سنجے لیلا بھنسالی فلم ’باجی راؤ مستانی‘ میں ایشوریا کو مستانی اور سلمان خان کو باجی راؤ بنانا چاہتے تھے، تاہم ایشوریا رائے نے سلمان خان کے ساتھ خراب تعلقات کے باعث فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا۔

ایشوریا نے اپنے انٹرویو میں مزید کہا کہ ’آخر میں جو بات سب سے اہم ہوتی ہے وہ فلم کی کاسٹنگ ہے، اگر کاسٹنگ صحیح نہیں کی گئی تو پھر فلم صحیح نہیں بن پاتی، میں اور سنجے ہمیشہ ایک ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں، دیکھتے ہیں ایسا کب ہوتا ہے‘۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ سنجے لیلا بھنسالی اپنی اگلی فلم میں کس ہیروئن کو کاسٹ کریں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں