پریانکا چوپڑا کے انکار پر سلمان خان نے خاموشی توڑ دی

سلمان خان کی فلم بھارت کی شوٹنگ شروع ہوچکی—فوٹو: فلم فیئر
سلمان خان کی فلم بھارت کی شوٹنگ شروع ہوچکی—فوٹو: فلم فیئر

بولی وڈ پگی چوپس پریانکا چوپڑا نے گزشتہ ماہ 27 جولائی کو سلمان خان کے ساتھ فلم ‘بھارت’ میں کام کرنے سے انکار کیا ہے، تب سے بھارتی میڈیا میں اسی معاملے کی خبریں شائع ہو رہی ہیں۔

اگرچہ ‘بھارت’ کے فلم ساز علی عباس ظفر نے پریانکا چوپڑا کے انکار پر ناراض ہونے کے بجائے ان کے بہتر مستقبل کے لیے دعائیں کی تھیں، تاہم میڈیا میں یہ چہ مگوئیاں جاری ہیں کہ سلمان خان اداکارہ کے انکار سے خفہ ہیں۔

سلمان خان خفا ہے یا نہیں یہ تو وہ بتا سکتے ہیں، تاہم ان کے والد سلیم خان نے کچھ دن قبل ہی کہا تھا کہ پریانکا چوپڑا کے انکار کا دبنگ ہیرو پر کوئی اثر نہیں پڑا اور وہ اداکارہ سے خفہ نہیں۔

پریانکا چوپڑا کے انکار کے بعد اسی فلم میں کام کرنے کے لیے کترینہ کیف کو بھی کاسٹ کرلیا گیا ہے، تاہم تاحال یہ چہ مگوئیاں جاری ہیں کہ سلمان خان پریانکا چوپڑا کے فیصلے سے ناراض ہیں۔

اسی معاملے پر 2 دن ہی صحافیوں نے پریانکا چوپڑا کی ماں مدھو چوپڑا سے بھی یہی سوال کیا تھا کہ بھارت میں اداکارہ کے کام نہ کرنے پر کیا سلمان خان ناراض ہیں؟

جواب میں پریانکا چوپڑا کی والدہ نے کہا تھا کہ اس کا جواب تو خود سلمان خان ہی دے سکتے ہیں کہ وہ اداکارہ کے انکار پر خفہ ہیں یا نہیں۔

لیکن اب بالآخر سلمان خان نے بھی پریانکا چوپڑا کے انکار پر خاموشی توڑتے ہوئے اپنا رد عمل ظاہر کردیا۔

فلم فیئر کے مطابق سلمان خان سے اپنی پروڈکشن کے بینر تلے بننے والی فلم ‘لو راتری’ کے ٹریلر کے ریلیز کے موقع پر یہی سوال کیا گیا کہ وہ پریانکا چوپڑا کے انکار کو کس طرح دیکھ رہے ہیں۔

سلمان خان نے مختصر جواب دیا کہ انہوں نے کچھ دنوں سے اخبارات نہیں پڑھے، جس وجہ سے انہیں کچھ نہیں پتہ۔

دبنگ ہیرو نے سادگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ ابھی وہ لو راتری جیسی فلموں کی پروموشن وغیرہ میں مصروف ہیں اور وہ جب فارغ ہوجائیں گے تو پریانکا چوپڑا کے انکار پر بھی بات کریں گے۔

اگرچہ فلم ‘بھارت’ میں کام نہ کرنے کے معاملے پر پریانکا چوپڑا نے بھی تاحال کھل کر گفتگو نہیں کی، تاہم رپورٹس کے مطابق انہوں نے صرف اپنی امریکی گلوکار نک جونس سے منگنی کی وجہ سے نہیں بلکہ فلم کی ٹیم کے غیر ذمہ وارانہ رویے کی وجہ سے بھی اس میں کام کرنے سے انکار کیا۔

اطلاعات ہیں کہ پریانکا چوپڑا کو طے شدہ معاوضے سے بھی کم رقم دی گئی تھی جب کہ فلم میں ایک سے زائد اداکاراؤں کو بھی کاسٹ کرنے کی وجہ سے بھی اداکارہ نے اس فلم میں کام کرنے سے انکار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پریانکا کی جانب سے‘بھارت’میں کام نہ کرنے کی وجہ شادی نہیں

‘بھارت’ میں اب سلمان خان کے ساتھ کترینہ کیف جلوہ بکھیرتی نظر آئیں گی، جب کہ فلم میں دیشا پٹنانی اور نورا فتیحی کو بھی کاسٹ کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

ادھر سلمان خان نے جہاں ‘بھارت’ کی شوٹنگ شروع کردی ہے، وہیں وہ اپنی پروڈکشن کے تحت بننے والی فلم ‘لو راتری’ کی پروموشن میں مصروف ہیں۔

‘لو راتری’ میں سلمان خان کی بہن ارپیتا خان شرما کے شوہرایوش شرما ایکشن میں نظر آئیں گے۔

ان کے ساتھ اس فلم میں عراقی والد اور افغانی والدہ کی بیٹی ورینہ حسین جلوے بکھیرتی نظر آئیں گی۔

فلم میں سلمان خان کے بھائی سہیل اور ارباز خان بھی مختصر کرداروں میں نظر آئیں گے۔

فلم کے ٹریلر کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ فلم کی کہانی پیار کے گرد گھومتی ہے۔

فلم کو رواں برس نوراتری کے موقع پر 5 اکتوبر کو ریلیز کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں