‘پرواز ہے جنون’ کے آسمانوں کو چیرنے والوں کا شادی پر بھنگڑا

اپ ڈیٹ 06 اگست 2018
گانے میں اداکاروں کی شادی کی تقریب میں ڈانس کرتے دکھایا گیا ہے—اسکرین شاٹ
گانے میں اداکاروں کی شادی کی تقریب میں ڈانس کرتے دکھایا گیا ہے—اسکرین شاٹ

پاکستان کی آنے والی ایکشن فلم ‘پرواز ہے جنون’ کا شائقین کو بے حد انتظار ہے اور اس کے ٹریلر اور گانوں نے پہلے ہی دھوم مچا رکھی ہے۔

تاہم اب فلم کا ایک اور گانا ریلیز کردیا گیا، اس گانے کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں آسمانوں کے سینوں کو چیرنے والے جوانوں کو شادی پر رقص کرتے ہوئے دکھایا گیا۔

زیب بنگش اور جبار عباس کی آواز میں ریلیز کیے گئے ‘ناچے رے’ میں حمزہ علی عباسی، کبریٰ خان، ہانیہ عامر اور شاز خان کو کسی شادی کی محفل میں رقص کرتے دکھایا گیا ہے۔

شادی کے اس خصوصی گیت کے بول شکیل سہیل نے لکھے ہیں جب کہ اس کی موسیقی اذان سمیع خان نے دی ہے۔

گانے میں صرف شادی کا ماحول ہی دکھایا گیا ہے۔

اس سے قبل بھی ‘پرواز ہے جنون‘ کے گانے ریلیز کیے گئے تھے، جن میں سے ایک ‘تھام لو’ عاطف اسلم کی آواز جب کہ دوسرا ‘بھلیا‘ بھی جاری کیا جاچکا ہے۔

‘بھلیا’ میں فلم کی مرکزی اداکاروں کے پیار کی کہانی کو دکھایا گیا تھا۔

گانوں سے قبل فلم کا پہلا ٹریلر گزشتہ ماہ 6 جولائی کو جاری کیا گیا تھا۔

اس فلم کو فرحت اشتیاق نے تحریر کیا ہے جبکہ دیار دل، من مائل اور دیگر متعدد ہٹ ٹی وی ڈراموں کے ڈائریکٹر حسیب حسن پہلی بار کسی فلم کی ہدایات دے رہے ہیں۔

پاک فضائیہ کی مشترکہ پروڈکشن کے ساتھ بنائی جانے والی اس فلم میں شوبز کاسٹ کے ساتھ ساتھ پاک فضائیہ سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور پائلٹس کو بھی دکھایا جائے گا۔

فلم کو عیدالاضحیٰ کے موقع پر ریلیز کیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں