سپریم کورٹ نے این اے 131 پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو معطل کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان کی درخواست منظور کرلی۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں بینچ نے این اے 131 لاہور پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے فیصلے کے خلاف درخواست پر مختصر سماعت کی۔

خیال رہے کہ این اے 131 لاہور سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مسلم لیگ (ن) کے خواجہ سعد رفیق کو شکست دی تھی۔

مزید پڑھیں: این اے 131: دوبارہ گنتی کے بعد بھی عمران خان فاتح

تاہم اس شکست کے بعد خواجہ سعد رفیق نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے ریٹرننگ افسر سے رجوع کیا تھا، تاہم انہوں نے مکمل گنتی کی درخواست مسترد کردی تھی، جس کے بعد لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا گیا تھا۔

4 اگست کو لاہور ہائی کورٹ نے خواجہ سعد رفیق کی این اے 131 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روک دیا تھا۔

عدالتی فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن نے این اے 131 سے عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا تھا۔

تاہم عدالتی فیصلے کے خلاف عمران خان کی جانب سے اپنے وکیل بابر اعوان کے توسط سے عدالت میں درخواست دائر کی گئی تھی۔

سپریم کورٹ میں دائر اپیل میں چیئرمین تحریک انصاف نے مؤقف اپنایا تھا کہ حلقہ این اے 131 میں عمران خان نے 84 ہزار 313 ووٹ حاصل کیے جبکہ مخالف امیدوار مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے 83 ہزار 633 ووٹ لیے۔

اس معاملے پر آج عدالت عظمیٰ میں ہونے والی سماعت میںچیف جسٹس نے لاہور ہائیکورٹ کے دوبارہ گتنی کے فیصلے کو معطل کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: این اے 131: لاہور ہائیکورٹ کا ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم

دوران سماعت خواجہ سعد رفیق کے وکیل سردار اسلم نے موقف اپنایا کہ عمران خان 5 نشستوں سے کامیاب ہوئے ہیں جبکہ انہوں نے اپنی پہلی تقریر میں حلقے کھولنے کا کہا تھا۔

اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ یہ بیانات سیاسی ہوتے ہیں، ہم نے کل بھی ہائیکورٹ کا ایسا ہی حکم نامہ معطل کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں