اسلام آباد: باکمال لوگ لاجواب سروس کا دعویٰ کرنے والی پاکستان انٹرنیشل ایئرلائن ( پی آئی اے ) کے عملے کی غفلت سے فلائٹ میں آنے والا نومولود بے ہوش ہوگیا۔

ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق پیرس سے اسلام آباد آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 750 میں جہاز کا اے سی سسٹم بند ہونے سے گھٹن کے باعث ایک نومود کی حالت غیر ہوگئی۔

مزید پڑھیں: پی آئی اے کا خسارہ 406 ارب تک پہنچ گیا

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اے سی سسٹم بند ہونے کے بعد مسافروں کی جانب سے عملے کو جہاز کا دروازہ کھولنے کا کہا جاتا رہا لیکن عملے نے دروازہ نہیں کھولا۔

ویڈیو میں دیکھا گیا کہ نومولود کی ماں عملے کے سامنے التجا کرتی رہی لیکن عملے نے ان کی کسی بات پر توجہ نہیں دی، جس کے باعث نومولود دم گھٹنے سے بےہوش ہوگیا۔

اس سارے معاملے پر ترجمان پی آئی اے مشہود تاجور نے ڈان نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور ہماری اطلاع کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویڈیو کو دیکھ کر ہم نے اس واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے پر مسافروں کو نظر انداز کرکے وی آئی پیز کیلئے ’ایئر سفاری‘ کا الزام

ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ حیرت کی بات ہے کہ جمعہ کو پیش آنے والے واقعے کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔

انہوں نے کہا ہمیں تھوڑا وقت دیا جائے اس کی مکمل تحقیق کرکے حقائق سامنے لائے جائیں گے۔

واضح رہے کہ یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں اس سے قبل بھی پی آئی اے کی کارکردگی پر سوالات اٹھتے رہے ہیں اور مختلف ممالک میں پی آئی اے کے آپریشنز بھی معطل ہوچکے ہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Mueed Aug 08, 2018 06:18pm
No one can even imagine the pain and helplessness of the mother. Don't blame the plane crew, they were just following the safety protocol. It is engineering to be held accountable and what was the backup system in such a situation.