سندھ پولیس میں کراچی کے ایڈیشنل انسپیکٹر جنرل (اے آئی جی) مشتاق مہر کا سینٹرل پولیس آفس (سی پی او) سندھ میں تبادلہ کردیا گیا۔

سندھ انسپکٹر جنرل امجد جاوید سلیم کے دفتر سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اے آئی جی مشتاق احمد مہر کا تبادلہ کردیا گیا ہے اور انہیں سینٹرل پولیس آفس (سی پی او) سندھ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

ڈان سے بات کرتے ہوئے 21 گریڈ آفیسر مشتاق مہر نے بتایا کہ انہوں نے آئی جی اور سندھ حکومت کو 2 روز قبل ایک خط لکھا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے بات ان کے عہدے کی 3 سالہ مدت ختم ہو چکی ہے۔

عہدے کی مدت ختم ہونے سے متلعق اطلاع دینے کے 2 روز بعد ہی سابق اے آئی جی کے تبادلے کا نوٹس جاری کردیا گیا۔

مزید پڑھیں : آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو ہٹانے کا نوٹیفکیشن معطل

واضح رہے کہ مشتاق مہر میمن کو جولائی 2015 میں ایڈیشنل انسپیکٹر جنرل (اے آئی جی) کراچی کے عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔

جولائی 2017 میں کراچی میں جاری آپریشن کے باعث مشتاق مہر کا تبادلہ کرکے انہیں ٹریفک پولیس چیف مقرر کیا گیا تھا۔

اس فیصلے کے 5 ہفتے بعد ہی سندھ حکومت نے پولیس میں تقرریاں اور تبادلے کرکے مشتاق مہر میمن کو ایک مرتبہ پھر غلام قادر تھیبو کی جگہ اے آئی جی پولیس تعینات کردیا تھا جبکہ غلام قادر تھیبو کو اے آئی جی ٹریفک تعینات کیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں