پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی ٹائٹنز چیرٹی گالا اور رنگا رنگ سالانہ کرکٹ ایوارڈز کی تقریب کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جہاں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو مختلف کیٹگریز میں ایوارڈز دیے گئے۔

پی سی بی نے ٹائٹنز آٹو گراف اینڈ میموریبلا کے تعاون سے سالانہ ایوارڈز تقریب کا اہتمام کیا جہاں مردوں اور خواتین کی قومی ٹیم کے ان کھلاڑیوں کو ایوارڑز سے نوازا گیا جنھوں نے گزشتہ ایک سال کے دوران بہترین کارکردگی دکھائی۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز کو اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ، ایک روزہ کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے پاکستان کے واحد بلے باز فخر زمان کو اسپیشل ایوارڈ برائے آؤٹ اسٹینڈنگ پرفارمر کا ایوارڈ دیا گیا۔

قومی ٹیم کے نوجواب باؤلر محمد عباس کو 27 وکٹیں لینے پر سال کا بہتر ٹیسٹ کھلاڑی اور 33 وکٹیں لینے والے حسن علی کو ایک روزہ کرکٹ میں سال کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

خواتین ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر کو 259 رنز اور 21 وکٹیں لینے پر ایک روزہ کرکٹ کی سال کی بہترین کھلاڑی اور جویریہ خان کو ٹی ٹوئنٹی کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قومی ٹیم کے بہترین بلےباز بابر اعظم کو ٹی ٹوئنٹی کے سال کے بہترین کھلاڑی، فہیم اشرف اور ڈیانا بیگ کو ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کا ایوارڈ دیا گیا،

ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں شان مسعود کو بہترین بلےباز ،اعزاز چیمہ کو بہترین باؤلر اور کامران اکمل کو بہترین وکٹ کیپر کا ایوارڈ دیا گیا۔

خواتین کے مقابلوں میں جویریہ خان کو بہترین بلے باز، ڈیانا بیگ کو بہترین باؤلر اور سدرا نواز کو بہترین وکٹ کیپر کا ایوارڈ دیا گیا۔

قومی بلائنڈ ٹیم کے عامر اشفاق کو سال کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پی سی بی کی سالانہ کرکٹ ایوارڈ تقریب

تقریب کے دوران مختلف چیرٹی پروگرام کے لیے فنڈز بھی اکٹھے کیے گے جس میں پاکستانی اور بین الاقوامی کھلاڑیوں کا دستخط شدہ بلا اور گلوز سمیت دیگر اشیا کو بھی نیلام کیا گیا۔

نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم ایدھی فاؤنڈیشن اور ٹائٹنز کے منصوبے 91 کو دی جائے گی جو ٹائیٹنز اور ڈبلیو ڈبلیو ایف کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے جس کے تحت پاکستان کے 91 مقامات پر صاف پانی کے ذرائع مہیا کیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ ٹائٹنز نے 2017 میں پی سی بی کے ساتھ اشتراک کیا تھا اور گزشتہ سال ہونے والے ایوارڈ کی تقریب میں مختلف چیزوں پر پاکستانی کھلاڑیوں کے آٹوگراف کے لیے خصوصی سیشن کا انعقاد کیا گیا تھا۔

پہلے منصوبے کے سلسلے میں ٹائٹنز نے 2 آٹوگراف والے بلوں کی نیلامی کی، جن سے حاصل ہونے والی آمدنی ایدھی فاؤنڈیشن کو دی گئی تھی۔

نیلام ہونے والے بلوں میں سے ایک پر پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کی پانچوں ٹیموں کے کپتانوں کے دستخط موجود تھے۔

دوسرے بلے پر پاکستان کے دوسرے اسٹار کھلاڑیوں کے علاوہ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کے میزبان یو اے ای کے عہدیداران کے دستخط تھے۔

اس سال پی سی بی نے تقریب کو مزید پُروقار بنانے کی تیاری کی ہے جس میں پاکستان کے ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل دونوں ہی کھلاڑیوں کو اعزازات سے نوازا جائے گا۔

اس سال فنڈز جمع کرنے کے لیے 2017 میں چیمپیئنز ٹرافی جیتنے والے پاکستانی اسکواڈ کے کھلاڑیوں کا دستخط شدہ بلا نیلام کیا جائےگا، جبکہ کھلاڑیوں کے زیرِ استعمال اشیاء بھی نیلام کی جائیں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں