بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی اور بولی وڈ اسٹار انوشکا شرما کے لیے سوشل میڈیا پر لوگوں کی تعریف اور تنقید کوئی نئی بات نہیں اور اس جوڑے کو ایک بار پھر نشانہ بنایا گیا ہے، اس بار اس کی وجہ بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹوئٹر پر پوسٹ کی جانے والی ایک تصویر بنی ہے۔

مزید پڑھیں : 'انوشکا شرما گھر کی کپتان ہیں'

یہ تصویر برطانیہ میں سیریز کے لیے موجود بھارتی کرکٹ ٹیم کی لندن میں انڈین ہائی کمیشن میں ایک تقریب کے دوران لی گئی، جس میں وہاں موجود کرکٹرز کے ساتھ ان کا کوئی رشتے دار نہیں تھا، تاہم انوشکا شرما ضرور ویرات کوہلی کے ساتھ کھڑی ہیں۔

اس تصویر میں انوشکا کی موجودگی پر بھارتی ٹیم کے مداحوں کی جانب سے شدید تنقید سامنے آئی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ وہاں کسی اور کرکٹر کی شریک حیات موجود نہیں تو بولی وڈ اسٹار کیا کررہی تھیں؟

کچھ لوگوں نے اپنے ٹوئیٹ میں یہ بھی لکھ دیا کہ ممکنہ طور پر انوشکا شرما اگلے میچ میں فائنل الیون میں شامل ہوں گی۔

دوسری جانب بی سی سی آئی نے اس حوالے سے موقف اپنایا ہے کہ اس تصویر میں پروٹوکول کی خلاف ورزی نہیں ہوئی کیونکہ انڈین ہائی کمیشن نے تمام کھلاڑیوں کو خاندان کے ساتھ مدعو کیا تھا۔

ہندوستان ٹائمز نے بھارتی بورڈ کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ' جب ٹیم بیرون ملک ہوتی ہے تو ہائی کمیشن کی جانب سے کھلاڑیوں کو رشتے داروں کے ساتھ مدعو کرنا عام ہوتا ہے اور اس بارے میں کھلاڑی خود فیصلہ کرتے ہیں۔ لندن میں بھی کھلاڑیوں کو بیویوں کے ساتھ مدعو کیا گیا تھا، تو اس تصویر میں پروٹوکول کی خلاف ورزی نہیں ہوئی'۔

یہ بھی دیکھیں : انوشکا شرما کا بولتا ہوا مجسمہ

کچھ عرصے پہلے بھارتی بورڈ نے کھلاڑیوں کو ہدایت کی تھی کہ ٹور کے دوران بیویوں یا گرل فرینڈز کی موجودگی سے ان کی کارکردگی متاثر نہیں ہونی چاہئے۔

اس حوالے سے تشکیل دی گئی گائیڈلائنز کے مطابق اگر دورہ 45 دن سے زیادہ کا ہو توکھلاڑیوں کے ساتھ ان کی شریک حیات 2 ہفتے سے زیادہ نہیں رہ سکتیں۔

خیال رہے کہ بھارت کو انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں 31 رنز سے شکست ہوئی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں