پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے محمود خان کو وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نامزد کر دیا۔

محمود خان حلقہ پی کے 9 سوات سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے اور انہوں نے 25 ہزار 697 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی۔

وہ سابق حکومت میں صوبائی وزیر آبپاشی، سیاحت و کھیل کے فرائض بھی انجام دے چکے ہیں۔

محمود خان 2012 میں تحریک انصاف میں شامل ہوئے تھے اور وہ پی ٹی آئی ملاکنڈ ریجن کے صدر بھی ہیں۔

پارٹی ذرائع کے مطابق محمود خان کو سابق وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی بھی حمایت حاصل تھی۔

نامزد وزیر اعلیٰ پر سابق حکومت میں کھیل کے فنڈز میں سے 18 لاکھ روپے ذاتی اکاؤنٹ میں ڈالنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

تاہم تحقیقات کے بعد محمود خان کو الزام سے بری اور تین افسران کو معطل کردیا گیا تھا۔

محمود خان کا تعلق سوات کی تحصیل مٹہ سے ہے، وہ 1972 کو ڈاکٹر محمد خان کے گھر پیدا ہوئے۔

انہوں نے ابتدائی تعلیم سوات کے علاقہ خوازہ خیلہ میں سرکاری اسکول سے لی، جبکہ میٹرک اور ایف ایس سی کی تعلیم پشاور پبلک اسکول سے حاصل کی۔

محمود خان نے ایم ایس سی (زراعت) کی ڈگری پشاور یونیورسٹی سے حاصل کی۔

وہ 2008 میں بلدیاتی انتخابات میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے یونین کونسل کے ناظم منتخب ہوئے۔

محمود خان نے 2013 کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 84 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں