’سجل علی بہت الگ طرح کی لڑکی ہیں‘

احد رضا میر اور سجل علی —فوٹو/ فائل
احد رضا میر اور سجل علی —فوٹو/ فائل

اداکار احد رضا میر نے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں اپنے کامیاب ڈراموں ’سمیع‘ اور ’یقین کا سفر‘ کے ساتھ انٹری کی۔

لیکن آج کل وہ زیادہ توجہ کا مرکز اپنی ساتھی اداکارہ سجل علی کی وجہ سے بن رہے ہیں۔

24 سالہ اداکار نے اپنی جلد ریلیز ہونے والی فلم ’پرواز ہے جنون‘ کی تشہیر فیفی ہارون کے ریڈیو شو پر کی، جہاں میزبان نے ان سے سجل علی کے ساتھ ان کے رشتے پر سوالات پوچھے۔

اس پر احد رضا میر کا کہنا تھا کہ ’ہم ایک دوسرے کو سپورٹ کرتے ہیں، میرا خیال ہے سجل بہت الگ قسم کی لڑکی ہے، ہم دونوں ایک ہی انداز سے کام کرتے ہیں، میں جب سجل کے ساتھ سیٹ پر موجود ہوتا ہوں، تو مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے میں کسی دوست کے ساتھ ہوں، سجل میں اپنے کام کو لے کر ایک جنون ہے، میں اور میری والدہ سجل کے بہت بڑے مداح ہیں، اس لیے سجل میری فیملی سے بھی بہت قریب ہیں، میں اس کی بےحد عزت کرتا ہوں اور میرا خیال ہے کہ میں اسے اچھی طرح سمجھتا ہوں‘۔

مزید پڑھیں: اسکرین پر بہترین جوڑا حقیقت میں ایک ہونے والا ہے؟

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 28 جولائی کو کینیڈا میں ہونے والے چھٹے ہم ایوارڈز میں احد رضا میر اور سجل علی نے ‘یقین کا سفر’ میں حقیقت سے قریب تر اداکاری کرنے پر بہترین جوڑی کا ایوارڈ بھی جیتا تھا۔

یہی نہیں بلکہ دونوں نے اسی ڈرامے میں اداکاری کی وجہ سے بہترین اداکار کا ایوارڈ بھی جیتا تھا۔

اس انٹرویو میں احد رضا میر نے ’پرواز ہے جنون‘ کے ساتھ پاکستانی فلم انڈسٹری میں ڈیبیو کرنے کی وجہ بھی بتائی۔

اداکار کا کہنا تھا کہ ’پرواز ہے جنون کافی مختلف فلم ہے، جب بھی فوج کے اوپر کوئی فلم بنائی جاتی ہے تو یہ ایکشن پر مبنی ہوتی ہے، لیکن اس فلم میں کامیڈی، پیار ایکشن سب کچھ موجود ہے‘۔

احد نے مزید کہا کہ ’حمزہ علی عباسی نے ایک بار کہا تھا کہ انہیں یہ تمام فوجی سپر ہیروز لگتے ہیں، اور یہ ہوتے بھی ہیں، لیکن یہ بھی انسان ہیں اور ان کی اپنی کہانیاں اور اپنے سفر بھی ہیں‘۔

یاد رہے کہ فلم ’پرواز ہے جنون‘ رواں سال عیدالضحیٰ پر ریلیز ہوگی، جس میں حمزہ علی عباسی، احد رضا میر اور ہانیہ عامر بھی اہم کردار ادا کررہی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں