’پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جنگ کوئی حل نہیں‘

اپ ڈیٹ 09 اگست 2018
بولی وڈ اداکارہ شبانہ عظمی —فوٹو فائل
بولی وڈ اداکارہ شبانہ عظمی —فوٹو فائل

جہاں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات مزید سنجیدہ ہوتے جارہے ہیں، وہیں دونوں ممالک کے فنکار ان کے درمیان امن قائم کرنے کی کوشش میں سرگرم ہیں۔

ان ہی میں ایک نامور ہندوستانی اداکارہ شبانہ اعظمی ہیں جنہوں نے حال ہی میں منعقد ہوئے ایک ایونٹ کے دوران کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ثقافتی تبادلے جاری رہنے چاہیے کیوں کہ جنگ کرنا کوئی حل نہیں۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ ’پاکستان اور ہندوستان میں موجود لوگوں کے درمیان تعلقات برقرار رہنے چاہیے، ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ خیالات کا تبادلہ کرنا چاہیے، جنگ کرنا حل نہیں ہے، بات چیت ضروری ہے، دونوں ممالک کے درمیان موجود تنازعات ختم ہونے چاہیے‘۔

شبانہ اعظمی نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں ثقافتی تبادلے کے ایسے پروگرامز منعقد کیے جائیں جن کے ذریعے دونوں ممالک کی عوام ایک دوسرے کو سمجھ سکے۔

ان کا ماننا ہے کہ ایک دوسرے کے قریب آنے کا بہترین ذریعہ فلم بھی ہے۔

اداکار کا کہنا تھا کہ ’پاکستان اور ہندوستان کے کرکٹ میچ کے دوران، ایسا لگتا ہے کہ عوام ایک دوسرے کی دشمن بن چکی ہے، ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی کوشش کی جاتی ہے، اس ہی لیے فلمیں ایک ایسا ذریعہ ہے جو ان دونوں ممالک کی عوام کے درمیان پیار بڑھانے میں کامیاب ہو، فنکار اس میں بہت بڑا کردار ادا کرسکتے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ایسی اور فلمیں بنائی جانی چاہیے جن کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان پیار بڑھے اور یہ امن کا پیغام دیں۔

تبصرے (0) بند ہیں