راولپنڈی: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایک اور رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی بھی جیل میں بیمار پڑ گئے۔

اڈیالہ جیل کے ذرائع کے مطابق سابق رکن قومی اسمبلی کو پولن الرجی اٹیک ہوا ہے اور انہیں گلے میں ٹانسلز سے سانس لینے میں شدید تکلیف محسوس ہورہی ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ حنیف عباسی کی طبعیت بگڑنے پر انہیں جیل میں قائم ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں سابق رکن قومی اسمبلی کا چیک اب جاری ہے۔

مزید پڑھیں: ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں حنیف عباسی کو عمر قید کی سزا

انہوں نے مزید بتایا کہ جیل میں علاج ممکن نہ ہوا تو حنیف عباسی کو بھی جیل سے باہر ہسپتال منتقل کیا جاسکتا ہے۔

خیال رہے کہ حنیف عباسی ایفی ڈرین کیس میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔

کیپٹن (ر) محمد صفدر کی ہسپتال منتقلی

گزشتہ روز ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ سابق وزیرِاعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کی طبیعت اڈیالہ جیل میں بگڑ گئی تھی جس کے باعث انہیں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

جیل ذرائع کا کہنا تھا کہ کیپٹن (ر) محمد صفدر جو بھی چیز کھا پی رہے تھے انہیں الٹی ہوجاتی تھی جبکہ انہیں معدے میں السر کا مرض لاحق ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کو اڈیالہ جیل سے پمز ہسپتال منتقل کر دیا گیا

کیپٹن (ر) محمد صفدر کو اسی کمرے میں رکھا گیا جہاں نواز شریف کو رکھا گیا تھا، اسلام آباد انتظامیہ نے وارڈ کو سب جیل قرار دے دیا تھا اور کیپٹن (ر) صفدر کے زیر علاج رہنے تک وارڈ سب جیل رہے گی۔

نواز شریف کی ہسپتال منتقلی

اس سے قبل 29 جولائی کو سابق وزیراعظم نواز شریف کو طبعیت مزید بگڑنے کے باعث اڈیالہ جیل سے اسلام آباد کے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) منتقل کردیا گیا تھا، انہیں ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت نے 8 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

مزید پڑھیں: اڈیالہ جیل: کیپٹن (ر) صفدر کی طبعیت بگڑ گئی،اسپتال منتقل

جبکہ 23 جولائی 2018 کو سابق وزیراعظم نواز شریف کی خراب صحت کو معمولی قرار دیتے ہوئے پمز ہسپتال کے میڈیکل بورڈ نے فیصلہ کیا تھا کہ نواز شریف کو جیل سے باہر کسی ہسپتال منتقل نہ کیا جائے۔

خیال رہے کہ نواز شریف کی صاحبزادی بھی ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے سنائی جانے والے سزا کے نتیجے میں اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔

نہال ہاشمی کی صحت بگڑ گئی

2 جنوری کو مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق سینیٹر نہال ہاشمی کو دل کی تکلیف کے باعث اڈیالہ جیل راولپنڈی کے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں پمز ہسپتال کے ڈاکٹرز کی 2 رکنی میڈیکل ٹیم نے نہال ہاشمی کا معائنہ کیا تھا۔

ذرائع نے ڈان کو بتایا تھا کہ سابق سینیٹر کو دل کا عارضہ لاحق نہیں، انہیں صرف نزلہ، زکام اور بخار تھا جبکہ وہ ذہنی دباؤ کا بھی شکار تھے۔

یہ بھی پڑھیں: نہال ہاشمی طبی معائنے میں صحت مند قرار

یاد رہے کہ یکم جنوری کو سپریم کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما نہال ہاشمی کو دھمکی آمیز تقریر اور توہینِ عدالت کیس میں ایک ماہ قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سناتے ہوئے کسی بھی عوامی عہدے کے لیے 5 سال کے لیے نااہل قرار دے دیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Sohaila Aug 10, 2018 06:04pm
It is hard to believe they are leaders of millions of people who live in worse conditions.