کوہاٹ: انٹرمیڈیٹ پری انجینئرنگ امتحانات میں پوزیشن حاصل کرنے والے طالبعلم نے اپنی انعامی رقم چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان میاں ثاقب نثار کی جانب سے قائم کردہ ڈیم فنڈ میں عطیہ کردی۔

ڈان نیوز کے مطابق کوہاٹ تعلیمی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ پری انجینئرنگ کے سالانہ نتائج کا اعلان کیا، جہاں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے ہونہار طالبعلم محمد آفاق نے 50ہزار روپے کی انعامی رقم ڈیمز فنڈ کے لیے دے دی۔

ڈیمز کے لیے رقم عطیہ کرنے والے طالبعلم کا کہنا تھا کہ اس کی خواہش تھی کہ وہ ڈیمز کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالے تاکہ ملک میں آبی مسائل کا خاتمہ ہوسکے۔

مزید پڑھیں: 2 روز میں ڈیم فنڈ میں ایک ارب روپے جمع ہوجائیں گے، چیف جسٹس

اس سے قبل کوہاٹ بورڈ کی جانب انٹرمیڈیٹ پری انجنیئرنگ کے نتائج کے اعلان کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔

تقریب میں طلباء اور ان کے والدین نے شرکت کی جبکہ چیئرمین کوہاٹ بورڈ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

امتحانات میں 41 ہزار 107 طلبہ و طالبات نے حصہ لیا جبکہ کامیابی کا تناسب 66.81 فیصد رہا اور 33 ہزار 5 سو 60 بچوں نے کامیابی حاصل کی۔

امتحانی نتائج کے مطابق جنید عمران نے پہلی، دانش ستار اور سیف اللہ نے دوسری پوزیشن حاصل کی، کامیابی حاصل کرنے والے طلباء کو نقد انعام سے بھی نوازا گیا۔

خیال رہے کہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ملک میں آبی قلت کے معاملے پر نوٹس لیتے ہوئے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے سپریم کورٹ کی زیر نگرانی فنڈ قائم کیا تھا۔

اس فنڈ میں ملک بھر میں موجود تمام بینکوں کی برانچ سے رقم جمع کرائی جاسکتی ہے جبکہ موبائل فون کے ذریعے بھی اس میں عطیہ کیا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چندہ برائے ڈیم، مگر ڈیم چندوں سے نہیں بنتے

چیف جسٹس کے اعلان کے بعد پاک فوج، قومی احتساب بیورو (نیب)، سپریم کورٹ کے ملازمین اپنے ایک اور 2 روز کی تنخواہیں اس فنڈ میں عطیہ کرچکے ہیں جبکہ دیگر مخیر حضرات اور عام عوام کی جانب سے اس کار خیر میں حصہ ملانے کا سلسلہ جاری ہے۔

سپریم کورٹ کی ویب سائٹ کے مطابق ڈیم فنڈ میں اب تک 82 کروڑ 74 لاکھ روپے سے زائد کا چندہ اکٹھا کیا جاچکا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں