کنگنا رناوٹ کو عمران خان سے کیسی توقعات؟

اپ ڈیٹ 11 اگست 2018
اداکارہ نے عمران خان کو پاک بھارت تعلقات بہتر بنانے کی اپیل کی—اسکرین شاٹ
اداکارہ نے عمران خان کو پاک بھارت تعلقات بہتر بنانے کی اپیل کی—اسکرین شاٹ

بولی وڈ کوئین کنگنا رناوٹ جنہوں نے کچھ دن قبل ہی سیاست میں انٹری دینے کے لیے اشارہ دیا تھا، آج کل اپنی فلمی کیریئر کے ساتھ ساتھ سیاست پر بھی بات کرتی نظر آتی ہیں۔

یہی نہیں بلکہ کنگنا رناوٹ نے گزشتہ چند دنوں میں بھارت کے متعدد سیاسی تقریبات میں شرکت کرنے سمیت مختلف سیاستدانوں سے ملاقاتیں بھی کیں ہیں۔

اگرچہ کنگنا رناوٹ نے سیاست میں انٹری کا اشارہ دیتا ہوئے خود کو سیاست کے لیے کم عمر قرار دیا تھا، تاہم ان کے بیانات سے لگتا ہے کہ وہ اس میں شامل ہونے کے لیے چانس کی منتظر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کنگنا رناوٹ سیاست میں انٹری کیلئے تیار

جہاں وہ بھارتی سیاست میں انٹری پر بات کرتی نظر آتی ہیں، وہیں اب انہوں نے پاک-بھارت تعلقات اور کشیدگی پر بات کرتے ہوئے پاکستان کے حالیہ عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارک باد دی۔

کنگنا رناوٹ نے کچھ دن قبل ہی سیاست میں انٹری کے لیے اشارہ دیا تھا—اسکرین شاٹ
کنگنا رناوٹ نے کچھ دن قبل ہی سیاست میں انٹری کے لیے اشارہ دیا تھا—اسکرین شاٹ

ٹائمز ناؤ کی رپورٹ کے مطابق کنگنا رناوٹ نے بھارتی ریاست کرناٹکا کے تاریخی شہر میسورمیں ہندو مذہبی رہنما جگی وسادیو جو سدھ گرو کے نام سے معروف ہیں ان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران پاکستان کے نئے متوقع وزیر اعظم عمران خان کو مبارک باد دی۔

اداکارہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عمران خان کی حالیہ تقریر سنی جو انتہائی مثبت اور بہترین تھی اور ان کی اسی تقریر کی وجہ سے انہیں عمران خان سے کئی توقعات ہیں۔

مزید پڑھیں: کنگنا رناوٹ کی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی تصاویر وائرل

کنگنا رناوٹ نے عمران خان کو اپیل کی کہ وہ پاک-بھارت سرحدی کشیدگی کو ختم کرنے کے حوالے سے کوئی اہم فیصلہ کریں، کیوں کہ اس کی وجہ سے دونوں ممالک کے فوجی جوان زندگی کی بازیاں ہار رہے ہیں۔

کنگنا رناوٹ نے عمران خان کو انتخابات پر کامیابی کی مبارک باد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کے نئے ہونے والے وزیراعظم دونوں ممالک کے تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔

کنگنا رناوٹ نے عمران خان کو پاک-بھارت سرحدی کشیدگی ختم کرانے کی اپیل بھی کی—اسکرین شاٹ
کنگنا رناوٹ نے عمران خان کو پاک-بھارت سرحدی کشیدگی ختم کرانے کی اپیل بھی کی—اسکرین شاٹ

تبصرے (0) بند ہیں