پاک فوج نے رکشہ ڈرائیور کو ملازمت دے دی

اپ ڈیٹ 12 اگست 2018
فیصل ماہی کو لکھاری کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا—فوٹو: اجمل جامی ٹوئٹر
فیصل ماہی کو لکھاری کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا—فوٹو: اجمل جامی ٹوئٹر

پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے صنعتی مرکز فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے 12 کتابوں کے مصنف رکشہ ڈرائیور فیصل ماہی کو پاک فوج نے ملازمت دے دی۔

خیال رہے کہ 48 سالہ فیصل ماہی رکشہ چلا کر اپنے اہل خانہ کا خرچ چلاتے ہیں۔

فیصل ماہی نے 2015 تک 12 ناولز اور 100 سے زائد ڈرامے لکھے تھے، جن میں سے ان کے تمام ناول شائع ہوچکے ہیں۔

ان کے 12 ناولز میں سے 11 ناول تین سال پہلے تک تین تین بار شائع ہوچکے تھے۔

فیاض کا پہلا ناول 'گھنگھرو اور کشکول' 2005ء میں شائع ہوا جس میں انہوں نے طوائفوں کی زندگیوں کے مختلف پہلوؤں اور ان کے ساتھ ناروا معاشرتی برتاؤ کو اپنا موضوع بنایا۔

فیصل ماہی چنگچی رکشہ چلاتے رہے—فائل فوٹو: پنجاب لوک سجاگ فیصل آباد
فیصل ماہی چنگچی رکشہ چلاتے رہے—فائل فوٹو: پنجاب لوک سجاگ فیصل آباد

ان کے دیگر ناولز میں گیلے پتھر، کاغذ کی شتی، کانچ کا مسیحا، تاوان عشق، عین شین قاف، موم کا کھلونا، ٹھہرے پانی، میرا عشق فرشتوں جیسا، لبیک اے عشق، شیشے کا گھر اور پتھر کے لوگ شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 12 کتابوں کا مصنف 'رکشہ ڈرائیور'

فیصل ماہی نے 2015 میں 13 واں ناول لکھنا شروع کیا، جسے جلد ہی شائع کروایا جائے گا۔

فیصل ماہی شادی شدہ ہیں اور ان کے 7 بچے ہیں جب کہ وہ کرائے کے گھر میں رہتے ہیں۔

فیصل ماہی جلد ہی نیا ناول شائع کروائیں گےفائل فوٹو: پنجاب لوک سجاگ فیصل آباد
فیصل ماہی جلد ہی نیا ناول شائع کروائیں گےفائل فوٹو: پنجاب لوک سجاگ فیصل آباد

ملازمت نہ ہونے کی وجہ سے رکشہ چلا کر اپنا گذر سفر کرنے والے فیصل ماہی کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے تحت شائع ہونے والے ایک میگزین میں ملازمت دی گئی۔

ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئیٹ کی کہ پاک فوج نے فیصل ماہی کو میگزین میں بطور لکھاری ملازمت دے دی۔

میجر جنرل آصف غفور نے مزید بتایا کہ فیصل ماہی آئی ایس پی آر کے تحت شائع ہونے والے ماہانہ میگزین میں فیچر اور کالم لکھیں گے۔

ساتھ ہی انہوں نے دنیا ٹی وی کے اینکر اجمل جامی کا شکریہ بھی ادا کیا، جنہوں نے فیصل ماہی کے بے روزگار ہونے سے متعلق آئی ایس پی آر کو توجہ دلائی۔

فیصل ماہی سے قبل گزشتہ ماہ جولائی میں عام انتخابات کے دن معزوری کے باوجود ووٹ ڈالنے کے لیے پولنگ اسٹٰیشن پہنچنے والی لاہور کی نوجوان لڑکی فجر فاروق کو بھی پاک فوج نے ملازمت دی تھی۔

25 جولائی کو ووٹ کاسٹ کرنے والی فجر فاروق کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نوٹس لیتے ہوئے انہیں ملازمت دینے کی ہدایت کی تھی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فجر فاروق کو آرمی چیف کی ہدایت پر ڈفینس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) لاہور میں نہ صرف ملازمت دی گئی بلکہ ادارے کو انہیں اعلیٰ تعلیم دلوانے کی بھی ہدایت کی گئی۔

فجر فاروق کو بھی ملازمت دی گئی تھی—فوٹو: ٹوئٹر
فجر فاروق کو بھی ملازمت دی گئی تھی—فوٹو: ٹوئٹر

تبصرے (2) بند ہیں

riz Aug 11, 2018 06:47pm
waoo great work ISPR
Ahmad Aug 12, 2018 12:56pm
Good going Pak Army and ISPR. .