سوناکشی سنہا فلم میں کام کی پیش کش نہ ملنے پر حیران

اداکارہ نے اعتراف کیا کہ ماضی میں ان کا وزن زیادہ تھا—فوٹو: سوناکشی سنہا انسٹاگرام
اداکارہ نے اعتراف کیا کہ ماضی میں ان کا وزن زیادہ تھا—فوٹو: سوناکشی سنہا انسٹاگرام

‘ساڑی کہ فال سا اور گندی بات’ جیسے گانوں پر دل کش رقص کے کرتب دکھانے والی اداکارہ سوناکشی سنہا نے یوں تو متعدد فلموں میں جوہر دکھائے ہیں اور وہ جلد ہی 2 نئی فلموں ‘یملا پگلا دیوانہ اور ہیپی پھر بھاگ جائے گی’ میں نظر آئیں گی۔

‘دبنگ’ سے 8 سال قبل فلمی کیریئر کی شروعات کرنے والی 31 سالہ سوناکشی سنہا نے یوں تو متعدد کامیاب فلمیں بھی دی ہیں، تاہم انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں کافی عرصے سے ایک خاص قسم کی فلم میں کام کرنے کی پیش کش نہیں ہوئی۔

سلمان خان، اکشے کمار، رنویر سنگھ، اجے دیوگن، اکشے کمار اور شاہد کپور جیسے اداکاروں کے ساتھ ڈانس کرنے والی اداکارہ نے انکشاف کیا ہے کہ وہ رقص پر بنی فلم میں کام کرنا چاہتی ہیں، تاہم انہیں آج تک ایسی کسی فلم میں کام کرنے کی پیش کش نہیں کی گئی، جس وجہ سے وہ بہت حیران ہیں۔

دکن کیرونیکل کی رپورٹ کے مطابق بھارتی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں سوناکشی سنہا نے کہا کہ انہیں ڈانس سے بے حد لگاؤ ہے اور وہ اسکرین پر اسے کرنا بھی جانتی ہیں، تاہم وہ اس بات پر حیران ہیں کہ آج تک انہیں ایسی کسی فلم میں کام کرنے کی پیش کش نہیں کی گئی جو مکمل طور پر ڈانس پر بنائی گئی ہو۔

انہوں نے اپنی پہلی فلم ‘دبنگ’ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے گھر کی طرح ہیں، انہوں نے وہیں سے ہی کیریئر کا آغاز کیا اور اب وہ اس بات پر خوش ہیں کہ اس سیریز کی تیسری فلم میں پربھو دیوا بھی شامل ہیں، جس وجہ سے یہ فلم پہلی فلموں سے بہتر ہوگی۔

انہوں نے ڈانس کوئین مادھوری ڈکشٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہر بولی وڈ اداکارہ کا خواب ہے کہ وہ ان کے ساتھ کام کریں اور وہ اس حوالے سے خوش نصیب ہیں کہ وہ 2019 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘کلنک’ میں ایک ساتھ نظر آئیں گی۔

‘پارٹی آل دی نائٹ’ اور ‘میرا جادو اسٹرانگلی تجھ پر چل گیا’ جیسے گانوں میں اپنے رقص سے مداحوں کو اپنے سحر میں جکڑنے والی اداکارہ نے اگرچہ متعدد فلموں میں شاہد کپور اور اکشے کمار جیسے اداکاروں کے ساتھ بھی عمدہ ڈانس کرکے اپنی مہارت دکھائی۔

تاہم انہیں افسوس ہے کہ انہیں کسی ڈانس فلم میں کام کرنے کی پیش کش نہیں کی گئی۔

علاوہ ازیں سوناکشی سنہا نے ایک اور انٹرویو کے دوران اپنے وزن اور جسمانی خدوخال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ وہ بچپن سے ہی اضافی وزن کے مسئلے میں پھنسی ہوئی تھیں۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ ان کا وزن حد سے بڑھا ہوا تھا لیکن انہوں نے فلمی کیریئر شروع کرنے سے قبل اپنا وزن بہت کم کیا۔

ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی مانا کہ اگرچہ انہوں نے فلموں میں آنے سے قبل ہی اپنا وزن کم کیا تھا، لیکن اس کے باوجود ان کا وزن زیادہ تھا اور انہیں خدوخال کی وجہ سے تنقید کا سامنا تھا، لیکن اب ایسا نہیں ہے، کیوں کہ اس وقت انہوں نے مزید وزن کم کردیا۔

سوناکشی سنہا نے مسلسل محنت کے بعد اپنا وزن کم کرنے کے بعد اپنے وزن کو اس وقت سب سے بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت زندگی کے سب سے بہترین شیپ میں موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سوناکشی سنہا بہترین اداکارہ اور مصورہ

سوناکشی سنہا نے اعتراف کیا کہ انہوں نے اپنی غذا اور طرز زندگی تبدیل کرکے 30 کلو وزن کم کیا۔

اداکارہ نے اپنا وزن مزید کم کردیا—فوٹو: سوناکشی سنہا انسٹاگرام
اداکارہ نے اپنا وزن مزید کم کردیا—فوٹو: سوناکشی سنہا انسٹاگرام

انہوں نے وزن کم کرنے کا کریڈٹ بہتر ایکسرسائیز اور بہتر غذا کو دیا۔

اداکارہ اپنے انسٹاگرام پر بھی ایکسر سائیز کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرتی رہتی ہیں، جن میں انہیں مختلف قسم کی ورزشیں کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

خیال رہے کہ 31 سالہ سوناکشی سنہا نے 2010 میں سلمان خان کی فلم دبنگ سے کیریئر کا آغاز کیا، اب تک وہ 24 سے زائد فلموں میں کام کرچکی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں