عامر خان نے سیاست میں انٹری پر خاموشی توڑ دی

عامر خان بھارتی حکومت کے صفائی منصوبوں پر بھی ان کا ساتھ دے رہے ہیں—فوٹو: پریس ٹرسٹ آف انڈیا
عامر خان بھارتی حکومت کے صفائی منصوبوں پر بھی ان کا ساتھ دے رہے ہیں—فوٹو: پریس ٹرسٹ آف انڈیا

پاکستان میں گزشتہ ماہ 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کامیابی کے بعد سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی بولی وڈ عامر خان اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی پرانی ملاقاتوں کی تصاویر اور ویڈیوز کے بعد لوگوں نے مسٹر پرفیکشنسٹ کو اپنا وعدہ یاد دلاتے ہوئے پاکستان آنے کا کہا تھا۔

یہ ویڈیوز اور تصاویر چند سال پہلے عمران خان کی جانب سے کیے گئے بھارتی دورے کے دوران کھینچی گئی تھیں، جن میں عامر خان نے عمران خان سے وعدہ کیا تھا کہ جب وہ پاکستان کے وزیر اعظم بنیں گے تو وہ مملکت خداداد کا دورہ کریں گے۔

عامر خان کے مداحوں نے ان کی پرانی ویڈیوز کو شیئر کرتے ہوئے انہیں پاکستان کا دورہ کرنے کے لیے کہا، تاہم انہوں نے فی الحال دورے سے معزرت کی۔

پاکستان میں عمران خان کی کامیابی کے بعد جہاں کئی بھارتی کرکٹرز کی جانب سے سیاست کو جوائن کرنے کا خیال کیا جا رہا ہے، وہیں یہ امکانات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ بولی وڈ اداکار بھی سیاست میں انٹری دیں گے۔

اگرچہ بھارت کے متعدد کرکٹر اور دیگر کھلاڑیوں سمیت اداکار پہلے ہی سیاست میں انٹری دے چکے ہیں، تاہم اب پاکستان میں عمران خان کی کامیابی کے بعد کئی دیگر بھارتی کھلاڑیوں اور اداکاروں کی جانب سے سیاست میں آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

کچھ دن قبل اداکارہ کنگنا رناوٹ نے بھی سیاست میں انٹری کا اشارہ دیتے ہوئے عمران خان کو کامیابی پر مبارک باد دی تھی، ساتھ ہی انہیں پاک-بھارت تعلقات کو بہتر بنانے کی اپیل بھی کی تھی۔

اب بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ نے بھی سیاست میں انٹری کے حوالے سے خاموشی توڑتے ہوئے وضاحت کی ہے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر پونا میں اپنی سماجی تنظیم ‘پانی فاؤنڈیشن’ کی جانب سے منعقد کیے گئے مقابلے میں جیتنے والے افراد کو انعامات دینے کی تقریب کے بعد پریس کانفرنس کے دوران عامر خان نے سیاست پر بھی بات کی۔

تقریب میں جہاں کئی بھارتی سیاستدانوں نے شرکت کی، وہیں متعدد سماجی کارکنان بھی شریک ہوئے اور جیتنے والے افراد کو انعامات بھی دیے گئے۔

تقریب کے بعد پریس کانفرنس میں جب ان سے سیاست میں آنے کے لیے پوچھا گیا تو انہوں نے ٹال مٹول سے کام لیتے ہوئے براہ راست انٹری دینے کی بات نہیں کی۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر انہیں ان کی سماجی خدمات کے پیش نظر راجیہ سبھا کا امیدوار نامزد کیا جائے تو ان کا رد عمل کیسا ہوگا؟

عامر خان نے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ انہیں سیاست میں آنا چاہیے، کیوں کہ وہ دیگر افراد کے ساتھ تخلیقی کام کرکے سماجی مسائل کو حل کرنے میں مصروف ہیں۔

عامر خان کے مطابق وہ تخلیقی صلاحیتوں کے حامل افراد کے ساتھ مل کر قوم کی تعمیر کر رہے ہیں، اس لیے ان کا سیاست میں آنا لازمی نہیں ہے۔

خیال رہے کہ عامر خان کی ‘پانی فاؤنڈیشن‘ نامی تنظیم اس وقت مہاراشٹر سمیت بھارت کی دیگر ریاستوں کے دیہی علاقوں میں صاف پانی فراہم کرنے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔

اس تنظیم کو عامر خان اور ان کی اہلیہ نے 2016 میں بنایا تھا، ان کی اسی تنظیم کے منصوبوں پر کئی اداکار اور سیاستدان بھی ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔

عمران خان نے 2012 میں بھارتی دورہ کیا تھا—فوٹو: ٹائمز ناؤ
عمران خان نے 2012 میں بھارتی دورہ کیا تھا—فوٹو: ٹائمز ناؤ

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں